Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انسانیت کی خاطر پریانتھا کماراکی جان بچانے کی کوشش کی:ملک عدنان

ملک عدنان کا کہنا ہے کہ انہوں نے پریانتھا کمارا کی جان بچانے کی کوشش انسانیت کی خاطر کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سیالکوٹ کی مقامی فیکٹری کے سری لنکن منیجر کو مشتعل ہجوم سے بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کا کہنا تھا کہ میٹنگ کے دوران انہیں کال آئی کہ کچھ لوگوں نے پریانتھا کمارا پر حملہ کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ان کی بہادری پر تمغہ شجاعت کے اعلان کے بعد مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے ملک عدنان کا کہنا تھا کہ انہوں نے انسانیت کی خاطر پریانتھا کمارا کی جان بچانے کی کوشش کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پریانتھا کمارا پچھلے سات سال سے ان کے ساتھ فیکڑی میں کام کر رہے تھے۔
ملک عدنان کا کہنا تھا کہ کام کے دوران پریانتھا کا رویہ سخت ہوتا تھا تاہم ذاتی زندگی میں وہ انتہائی نفیس انسان تھے،
ملک عدنان نے بتایا کہ جب معاملہ شروع ہوا میں اس وقت آفس میں میٹنگ کر رہا تھا، مجھے کال موصول ہوئی کہ پرایانتھا صاحب نے نیچےکسی کو ڈانٹا ہے، اور کچھ لوگ انہیں مارنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میں نیچے گیا اور ایک دو لوگوں کے ساتھ مل کر ان کو روکنے کی کوشش کی، اس دوران پریانتھا کمارا اوپر چلے گئے۔  ہجوم بھی اوپر جانے لگے تو ہم نے ان کو سیڑھیوں پر روکا۔ جب تک بیس 25 لوگ تھے تو ہم ان کو سیڑھیوں پر روکنے میں کامیاب رہے لیکن جب ہجوم بڑھا تو میری ہمت جواب دے گئی تو میں بے بس ہوگیا۔‘
ملک عدنان کا کہنا تھا کہ ہجوم نے مجھے بھی چھت سے پھینکنےکی کوشش کی، ان کو بچانے کے دوران موت کا خوف ذہن میں نہیں آیا، اس وقت یہی خیال تھا کہ ان کی جان بچ جائے اور ملک کی ساکھ خراب نہ ہو۔‘
’میں یہ سب کچھ انسانیت کے لیے کیا، اپنے ملک کے لیے کیا اور اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر کیا تاکہ ملک کا امیج  باہر خراب نہ ہو۔‘
ملک عدنان نے وزیراعظم کی جانب سے اپنے لیے تمغہ شجاعت کے اعلان پر کہا کہ میں وزیراعظم کا مشکور ہوں کہ انھوں نے میری کوشش کو سراہا۔

سری لنکا کے ہائی کمیشن کے حکام پریانتھا کمارا کی لاش ایئرپورٹ منتقل کر رہے ہیں۔ (فوٹو: فیس بک سری لنکا ہائی کمیشن) 

خیال رہے قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے ملک عدنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ ان کو بہادری کے اس مظاہرے پر تمغہ شجاعت دیا جائے گا۔
اتوار کے روز سیالکوٹ واقعہ سے متعلق ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ’قوم کی طرف سے میں ملک عدنان کی جرات اور بہادری پر انہیں سلام ہے، جنہوں نے پریانتھا کمارا کو مشتعل ہجوم سے بچانے کی پوری کوشش کی اور ایسا کرتے ہوئے اپنی جان کی پرواہ بھی نہیں کی۔‘
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے اعلان کیا کہ انہیں (ملک عدنان) تمغہ شجاعت دیا جائے گا۔
دوسری جانب سری لنکا کے اسلام آباد میں ہائی کمیشن نے اپنے فیس بک پیج پر لکھا کہ ’ دیاوداناج ڈان نندسری پریانتھا کمارا کی باقیات کو تمام رسمی کارروائیوں کی تکمیل کے بعد لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں کل صبح سری لنکن ایئرلائنز کے طیارے کے ذریعے روانہ کیا جائے۔‘
’ہائی کمیشن اتنی مختصر مدت میں اس منتقلی کو ممکن بنانے میں حکومت پاکستان اور پنجاب کی صوبائی حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی بے دریغ مدد کو سراہتا ہے۔‘
 

شیئر: