امارات کے سرکاری دفاتر میں ہفتے میں ساڑھے چار دن کام ہوگا
تمام سرکاری دفاتر پیر سے جمعرات تک اور جمعہ کو آدھا دن کھلے رہیں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات میں سرکاری دفاتر ہفتے میں ساڑھے چار دن کام کریں گے جبکہ جمعے کو آدھا دن اور ہفتہ و اتوار کو پورا دن تعطیل ہوگی۔
اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق سرکاری دفاتر میں کام کے نئے اوقات کار کا نفاذ یکم جنوری سے ہوگا۔
اماراتی حکومت نے کہا ہے کہ ’تمام سرکاری دفاتر پیر سے جمعرات تک اور جمعے کو آدھا دن کھلے رہیں گے۔‘
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ’نئے نظام کے نفاذ کے بعد پیر سے جمعرات تک ڈیوٹی اوقات صبح ساڑھے 7 بجے سے ساڑھے 3 بجے تک جبکہ جمعے کو ساڑھے 7 بجے سے دوپہر 12 بجے تک ہوں گے۔‘
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ’یہ اوقات کار تمام فیڈرل دفاتر کے ہیں جبکہ سکولوں کے اوقات کار کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔‘
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ’سرکاری دفاتر میں لچکدار ڈیوٹی اوقات پر بھی عمل کیا جاسکتا ہے جبکہ جمعے کے دن آن لائن ڈیوٹی کا بھی اختیار دیا جائے گا۔‘
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پورے ملک میں جمعے کے خطبے کا یکساں وقت مقرر کیا گیا ہے۔
’ملک کی تمام مساجد میں نئے فیصلے کے نفاذ کے بعد جمعے کے خطبے کا آغاز دوپہر ایک بجکر 15 منٹ پر ہوگا۔‘