گردے فیل ہونے کے باعث دنیا کی طویل القامت مصری خاتون کا انتقال
ہدیٰ عبدالجواد کو سب سے لمبا ہاتھ، بڑے پیر اور طویل بازو رکھنے والی خاتون تسلیم کیا گیا تھا۔ (فوٹو: گنیز ورلڈ ریکارڈ)
دنیا کی طویل القامت مصری خاتون ہدیٰ عبدالجواد گردے فیل ہونے کے باعث انتقال کر گئی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق 27 برس کی طویل القامت مصری خاتون کا انتقال الشرقیہ صوبے میں ہوا۔
ہدیٰ عبدالجواد کے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں تین ریکارڈز ہیں: ان کو سب سے لمبا ہاتھ، بڑے پیر اور لمبے بازو رکھنے والی خاتون تسلیم کیا گیا تھا۔ ان کے ہاتھ کی لمبائی 24.3 سینٹی میٹر، ان کے پیر کی لمبائی33.1 سینٹی میٹر جبکہ بازو 236.3 سینٹی میٹرلمبے تھے۔
ہدیٰ اور ان کے بھائی محمد عبدالجواد کو اکثر ان کے جسمانی خد وخال کی وجہ سے تنگ کیا جاتا تھا۔ جسم کے اعضا معمول پر رکھنے والے گلینڈز میں خرابی کے باعث ان کی صحت متاثر ہوئی۔
33 برس کے محمد عبدالجواد کے نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں تین ریکارڈز ہیں۔ انہیں مردوں میں سب سے زیادہ لمبے بازو اور چوڑے ہاتھ رکھنے والا مرد تسلیم کیا گیا۔ ان کے بازو کی چوڑائی 250.3 سینٹی میٹر جبکہ ہاتھ کی چوڑائی 31.3 سینٹی میٹر ہے۔