فیصل آباد میں خواتین کو سرعام برہنہ کرنے کا واقعہ، پانچ ملزمان گرفتار
فیصل آباد میں خواتین کو سرعام برہنہ کرنے کا واقعہ، پانچ ملزمان گرفتار
منگل 7 دسمبر 2021 17:39
پولیس کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ خواتین پر تشدد میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے (فوٹو: پنجاب پولیس)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے اہم صنعتی شہر فیصل آباد میں ہجوم کے ہاتھوں چوری کے الزام میں تشدد کا نشانہ بننے والی خواتین کے معاملے میں ملوث پانچ افراد جب کہ سرگودھا میں سٹال کی رقم نہ دے سکنے والی خاتون کو آگ لگانے کے ذمہ دار دو ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
منگل کو فیصل آباد کے ایک بازار کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں چوری کے الزام میں درمیانی عمر کی دو خواتین کو ہجوم کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنا کر ان کے کپڑے پھاڑتے دیکھا جاسکتا تھا۔ بعد میں ان خواتین کو بازار میں واقع ہارڈویئر کی ایک دکان میں کچھ دیر بند رکھا گیا تھا۔
چوری کے الزام میں خواتین پر تشدد کے مناظر سوشل ٹائم لائنز پر شیئر ہوئے تو ان پر تبصرہ کرنے والوں نے فیصل آباد پولیس سے مطالبہ کیا تھا کہ چوری ہوئی یا نہیں کا جائزہ ضرور لیں تاہم تشدد کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اس میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
پنجاب پولیس کی جانب سے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے ابتدائی طور پر تصدیق کی گئی تھی کہ یہ واقعہ گذشتہ روز فیصل آباد پولیس کے علم میں آیا جس کے بعد کارروائی کی جا رہی ہے۔
منگل کی شام پنجاب پولیس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے اطلاع دی گئی کہ فیصل آباد پولیس نے خواتین پر تشدد میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق دو ملزمان کو گذشتہ شب ہی گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ مزید کارروائی کر کے پانچوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اس واقعے کی دیگر تمام پہلوؤں سے بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔
دریں اثنا سرگودھا کے منگل بازار میں سٹال لگانے کے پیسے نہ دینے پر خاتون کو آگ لگانے میں ملوث دو ملزموں کو بھی پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
واقعے سے متعلق پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان نے خاتون سے سٹال لگانے پر زبردستی رقم مانگی، انکار پر اسے آگ لگا دی تھی جس کے بعد زخمی خاتون کو ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔
واقعے میں متاثر ہونے والی خاتون کا کہنا تھا کہ بااثر افراد منگل بازار میں سٹال لگانے کے لیے زبردستی رقم وصول کرتے ہیں۔