’بالی وڈ کی کامیاب خواتین صنفی امتیاز کو ختم کر رہی ہیں‘
کنگنا رناوت نے لکھا کہ ’فلم انڈسٹری کی کامیاب خواتین کو صنفی روایات کو توڑتا دیکھ کر خوشی ہوئی۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کی ’کیٹ‘ اور وکی کوشال کی شادی اس وقت ’ٹاک آف دا ٹاؤن‘ بنی ہوئی ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی روز ان دونوں کی شادی کے حوالے سے مختلف ٹرینڈز بن رہے ہیں اور دلچسپ میمز بھی شیئر کی جا رہی ہیں۔
کنگنا رناوت نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں اگرچہ انہوں نے کترینہ کیف اور وکی کوشال کا نام تو نہیں لیا تاہم ان کی پوسٹ سے یہ ظاہر ہو رہا ہے کہ یہ بالی وڈ کی اس نئی جوڑی کے لیے ہے۔
اپنی انسٹاگرام سٹوری میں کنگنا رناوت نے فلم انڈسٹری کی امیر اور کامیاب خواتین کو اپنے سے کم عمر مردوں کے ساتھ شادی کر کے صنفی امتیاز کو ختم کرنے کے لیے سراہا ہے۔
انہوں نے کترینہ کیف اور وکی کوشال کا نام تو نہیں لیا لیکن چونکہ ان دونوں کی عمروں میں پانچ سال کا فرق ہے اس لیے بظاہر یہ پوسٹ انہی کے متعلق معلوم ہو رہی ہے۔
کنگنا نے لکھا کہ ’ہم نے بڑے ہوتے ہوئے کامیاب امیر مردوں کی اپنے سے چھوٹی عمر کی لڑکیوں سے شادی کی بہت سی کہانیاں سنی ہیں۔ اپنے شوہر سے زیادہ کامیاب خواتین کو ایک بڑے بحران کی طرح دیکھا گیا ہے، اپنے سے کم عمر مرد سے شادی تو بھول جائیں ایک خاص عمر کے بعد خواتین کے لیے شادی ہی ناممکن ہو جاتی ہے۔
کنگنا نے کہا کہ ’فلم انڈسٹری کی امیر اور کامیاب خواتین کو ان صنفی روایات کو توڑتا دیکھ کر خوشی ہوئی۔‘
آپ کو بتاتے چلیں کہ صرف کترینہ ہی وہ پہلی سلیبریٹی نہیں ہیں جو اپنے سے چھوٹی عمر کے لڑکے سے شادی کر رہی ہیں، 2018 میں پرینکا چوپڑا نے بین الاقوامی گلوکار نک جونس سے شادی کی تھی جو ان سے عمر میں 10 سال چھوٹے ہیں۔
ایشوریہ رائے اور ابھیشیک بچن کی عمروں میں بھی تین سال کا فرق ہے۔