رپورٹس کے مطابق ہوٹل کے کمروں تک رسائی بھی کوڈ کے ذریعے ہوگی (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
کترینہ کیف اور وکی کوشال کی شادی کے حوالے سے انڈین میڈیا پر ہر دوسرے دن کوئی نہ کوئی نئی خبر سامنے آ جاتی ہے۔
اگرچہ دونوں سلیبریٹیز نے ان خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کی لیکن ’کیٹ‘ کی جانب سے اتنا ضرور کہا گیا ہے کہ رواں سال دسمبر میں شادی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
اب غیر مصدقہ رپورٹس میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ دونوں فنکار اپنی شادی کی تقریب کو اس قدر خفیہ رکھیں گے کہ اس (تقریب) میں شرکت کرنے والے مہمانوں کو ایک خفیہ کوڈ دیا جائے گا۔
انڈین تی وی چینل این ڈی ٹی وی نے اینٹرٹینمنٹ کی خبروں سے متعلقہ ویب سائٹ بالی وڈ لائف کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ کترینہ اور وکی کوشال کی شادی میں مدعو کیے جانے والے مہمانوں کو ایک خفیہ کوڈ دیا جائے گا جس سے انہیں وینیو میں داخل ہونے کی اجازت مل سکے گی۔
حتی کہ ہوٹل کے کمروں تک رسائی بھی کوڈ کے ذریعے ہوگی اور شادی میں شرکت کے لیے ’نو فون پالیسی‘ لاگو ہوگی جو اب سلیبریٹیز کی شادیوں میں ایک عام ایک رجحان ہے۔
رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریبات تین دن تک جاری رہیں گی۔
یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ شادی میں صرف منتخب کیے گئے مہمانوں کو ہی مدعو کیا جائے گا اور مہمانوں کی یہ فہرست اومی کرون وائرس کی وجہ سے مزید محدود ہو سکتی ہے۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ وکی اور کترینہ رواں سال نومبر یا دسمبر میں شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور انہوں نے معروف ڈیزائنر سبیاساچی مکھرجی کو اپنی شادی کا جوڑا ڈیزائن کرنے کا کہا ہے۔
اکتوبر کے آغاز میں وکی کوشال کی فلم سردار اودھم کی سکریننگ کے موقع پر کترینہ کیف بھی موجود تھیں اور اس دوران دونوں کی گلے ملتے ہوئے ویڈیو کافی وائرل ہوئی تھی۔
انہوں نے اپنی انسٹاگرام سٹوریز میں بھی اس فلم کی تعریف کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’کیا وژن ہے، ایک خوب صورت فلم، وکی کوشال ایک خالص ٹیلنٹ ہیں۔‘