امریکہ کے ساتھ جمہوریت پر مناسب وقت پر بات ہوگی: پاکستان
دفتر خارجہ نے کہا کہ ’ہم امریکہ کے ساتھ شراکت داری کی قدر کرتے ہیں‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان نے ورچوئل ’ڈیموکریسی سمٹ‘ میں شرکت کی دعوت دینے پر امریکہ کا شکریہ ادا کیا ہے جو 9 اور 10 دسمبر کو ہوگا۔
بدھ کو پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’پاکستان آزاد عدلیہ، سول سوسائٹی اور میڈیا کے ساتھ ایک بڑی فعال جمہوریت ہے۔‘
’ہم جمہوریت کو مزید فروغ دینے، کرپشن کے خلاف جنگ اور تمام شہریوں کے لیے انسانی حقوق کا تحفظ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔‘
’حالی برسوں میں پاکستان نے ان مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے اصلاحات کی ہیں جن کے مثبت نتائج آئے ہیں۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم امریکہ کے ساتھ شراکت داری کی قدر کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ یہ باہمی طور پر اور علاقائی و بین الاقوامی سطح پر مزید گہری ہوگی۔‘
’ہم مختلف معاملات پر امریکہ کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ہم مستقبل میں موقع ملنے پر مناسب وقت میں وسیع تر امور پر بات چیت کریں گے۔‘
’پاکستان بات چیت، تعمیری رابطوں اور عالمی تعاون کے لیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔‘