Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’زرداری کا بیان افسوسناک، میاں صاحب کی پاکستان سے کمٹمنٹ شک سے بالاتر‘

سابق وزیراعظم نواز شریف علاج کے سلسلے میں لندن میں مقیم ہیں۔ فائل فوٹو: اے پی
پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے سابق صدر آصف علی زرداری کے نواز شریف سے متعلق بیان کو افسوسناک قرار دیا ہے۔
جمعرات کو شہباز شریف شریف نے ٹوئٹر پر جاری کیے بیان میں کہا کہ ’زرداری صاحب کا میاں نواز شریف کے بارے میں بیان افسوسناک ہے۔ میاں صاحب کی پاکستان سے کمٹمنٹ کسی بھی شک و شبے سے بالاتر ہے۔‘
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ آصف زرداری جانتے ہیں نواز شریف کو کن حالات میں ملک سے باہر جانا پڑا۔ ’ہمیں اس قسم کے بیانات سے گریز کرتے ہوئے ملک کے وسیع تر مفاد میں مل کر کام کرنا چاہیے۔‘
خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے سربراہ آصف علی زرداری نے کہا تھا کہ اپنے ان سیاسی مخالفین سے ہر جگہ لڑیں گے جو پاکستان مخالف ہیں۔
رواں ہفتے کے آغاز پر لاہور میں پارٹی کی ایک تقریب سے خطاب میں سابق صدر نے نواز شریف کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کی۔
انہوں نے کہا تھا کہ ’ہم ان سے لڑیں گے یہ پاکستان کے خلاف ہیں جو اس دھرتی میں نہیں مرنا چاہتا اس کا یہاں کیا ہے؟  پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جیلیں کاٹی ہیں۔ پاکستان میں ایسی کوئی جگہ نہیں جہاں بھٹو صاحب نہ بستے ہوں۔ بے نظیر کی بات ہی اور ہے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ’دنیا پاکستان کو توڑنا چاہتی ہے مگر ہم بچائیں گے۔ 1977 کے بعد میاں صاحب حلقے ذات برادری کی بنیاد پر بناتے رہے۔ ہم پورے پنجاب میں ہر حلقہ تبدیل کریں گے کیونکہ ن لیگ والے ہماری دھرتی کے خلاف ہیں، جو دھرتی میں نہیں مرنا چاہتا اسکے پاس کیا ہے۔
سابق صدر کے مطابق ’پنجاب میں ہماری کمزوریاں ہمارے آگے آتی ہیں۔ دنیا پاکستان کو توڑنا چاہتی ہے لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ پورے پنجاب میں ہر جگہ ہر محلے میں ہم ان سے لڑیں گے یہ پاکستان کے خلاف ہیں۔‘

پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا حصہ رہ چکے ہیں۔ فائل فوٹو: پیپلز پارٹی ٹوئٹر

یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف لندن میں رہائش پذیر ہیں۔
سابق وزیراعظم عدالت سے ضمانت حاصل کرنے کے بعد علاج کے سلسلے میں برطانیہ گئے تھے۔
سنہ 2018 کے عام انتخابات سے چند ہفتے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کو تین میں سے دو مقدمات میں قید اور جرمانے کی سزائیں ہوئیں۔
ایک مقدمے میں نواز شریف کے ساتھ ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو بھی قید اور جرمانے کی سزائیں سنائی گئیں جن پر عملدرآمد کو ہائیکورٹ نے اپیل میں معطل کر رکھا ہے۔

شیئر: