Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں پہلے اومی کرون کیس کی تصدیق ہوگئی

اومی کرون کا یہ مشتبہ کیس کراچی کے آغا خان ہسپتال سے رپورٹ ہوا تھا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں چند دن قبل رپورٹ ہونے والے کورونا کے اومی کرون ویریئنٹ کے مشتبہ کیس کے بارے میں تصدیق ہو گئی ہے کہ یہ اس ویریئنٹ کا پاکستان میں پہلا کیس ہے۔
پیر کو پاکستان کے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر (این سی او سی) نے کہا ہے کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد اس بات کی تصدیق کرنے میں کامیاب رہا ہے کہ کراچی سے حال ہی میں ایک مشتبہ کیس کا نمونہ واقعی کورونا کا ’اومی کرون ویریئنٹ‘ ہے۔
’یہ پہلا تصدیق شدہ کیس ہے لیکن کورونا ویریئنٹس کے رجحانات کی شناخت کے لیے مشتبہ نمونوں کی مسلسل نگرانی کا عمل جاری ہے۔‘
گذشتہ ہفتے جمعرات کو پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کا پہلا مشتبہ کیس سامنے آیا تھا۔
سندھ کے محکمہ صحت نے تصدیق کی تھی کہ کراچی کے آغا خان ہسپتال سے اومی کرون کا پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے تاہم بعد میں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ابھی یہ معلوم نہیں ہو سکا آیا یہ اومی کرون ویریئنٹ ہے یا نہیں۔
ٹوئٹر پر جاری ویڈیو بیان میں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا تھا کہ ’ابھی جینوم سٹڈی نہیں ہوئی لیکن لگ رہا ہے کہ یہ وائرس اومی کرون ہی ہے۔‘ انہوں نے بتایا کہ 57 سالہ خاتون اس سے متاثر ہوئی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اومی کرون کی جنوبی افریقہ سے جو حالیہ رپورٹس آ رہی ہیں ان میں مریض کی صورتحال بگڑنے یا اموات رپورٹ نہیں ہوئیں۔‘
این سی او سی نے کورونا کی موجودہ اور نئی اقسام کے سنگین اثرات سے بچنے کے لیے ویکسین کروانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی ہے اور کہا ہے کہ جاری کیے گئے ضابطوں کے مطابق خود کو ویکسین کروائیں۔

شیئر: