وزارت صحت میں کارکنان کی حاضری کے لیے آئی کنٹیکٹ بائیو میٹرک سسٹم بحال
فنگر پرنٹس دفاتر میں حاضری کے لیے استعمال نہ کیے جائیں(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں وزارت صحت نےھسپتالوں، ہیلتھ سینٹرز اور دفتری کارکنان کی ڈیوٹی کے اندراج کےلیے آئی کنٹیکٹ بائیو میٹرک سسٹم بحال کردیا ہے۔
الوطن کے مطابق وزارت صحت نے مملکت بھر میں صحت اداروں کے مدیران، ہیلتھ سینٹرکے ایگزیکٹیو چیئرمین، کمشنریوں میں صحت اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کورونا وائرس سے بچاو کےلیے مقرر حفاظتی تدابیر کی پابندی کے ساتھ تمام ملازمین کو بائیو میٹرک ڈیوائسز کے ذریعے ڈیوٹی پر آنے اور جانے کے اندراج کا پابند بنائیں۔
سیکریٹری صحت عبدالرحمن العبیان نے بتایا کہ وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود کی اس ہدایت کی بنیاد پر یہ اقدام کیا گیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ابھی فنگر پرنٹس دفاتر میں حاضری کے لیے استعمال نہ کیے جائیں۔
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے ترجمان سے استفسار کیا گیا تھا کہ کیا دفاترمیں حاضری کےلیے فنگر پرنٹ سسٹم بحال کر دیا گیا ہے۔
اس کے جواب میں ترجمان کا کہنا تھا کہ ابھی اس حوالے سے کوئی نیا فیصلہ نہیں ہوا ہے البتہ بائیو میٹرک سسٹم ڈیوٹی پر آنے جانے کےلیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔