جی سی سی ممالک کے بینک ڈیپازٹس 1.6 ٹریلین ڈالر
جمعرات 16 دسمبر 2021 5:25
2021 کی پہلی ششماہی میں بینک ڈپازٹس میں 3.3 فیصد اضافہ ہوا ( فوٹو: عرب نیوز)
خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے بینکنگ سیکٹر میں 2020 کے اختتام کے مقابلے میں 2021 کی پہلی ششماہی میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے اور مجموعی بینک ڈیپازٹس میں 3.3 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
جی سی سی شماریاتی مرکز کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جی سی سی ممالک کے مجموعی بینک ڈیپازٹس 1.6 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب نے مجموعی بینک ڈیپازٹس کے سب سے بڑے حصے کو رپورٹ کیا جو کہ تقریباً 33.6 فیصد 541 بلین ڈالر کی نمائندگی کرتا ہے اور وہ دسمبر 2020 سے 4.5 فیصد زیادہ ہے۔
اس کے بعد متحدہ عرب امارات کا نمبر ہے، جس نے جی سی سی کے مجموعی بینک ڈپازٹس میں 32.2 فیصد حصہ حاصل کیا اس کے بعد قطر کا 16.4 حصہ ہے۔ کونسل کے دیگر اراکین کا حصہ تقریباً 17.8 فیصد ہے۔
جی سی سی کے کمرشل بینکوں نے جون 2021 میں دسمبر 2020 کے مقابلے میں 5.2 کریڈٹ گروتھ دیکھی جو 1.5 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئی۔
اس نمو کی وجہ کونسل کے ممبر ممالک کی جانب سے فراہم کردہ کریڈٹ میں اضافہ ہے، سوائے متحدہ عرب امارات کے، جہاں 2021 کی پہلی ششماہی میں 0.1 فیصد کی معمولی کمی دیکھی گئی۔
سعودی عرب جون 2021 تک 520 بلین ڈالر کے کریڈٹ کے ساتھ اس فہرست میں سرفہرست ہے جو دسمبر 2020 سے 9.5 فیصد زیادہ ہے۔
یہ اضافہ کورونا کی وبا سے بحالی کے درمیان صارفین کے بڑھتے ہوئے اخراجات اور کارپوریٹ سرگرمیوں کی وجہ سے ہوا۔