ایشیئن ہاکی چیمپیئنز ٹرافی، انڈیا نے پاکستان کو 1-3 سے ہرا دیا
ایشیئن ہاکی چیمپیئنز ٹرافی، انڈیا نے پاکستان کو 1-3 سے ہرا دیا
جمعہ 17 دسمبر 2021 12:19
2018 میں ایشیئن چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان اور انڈیا مشترکہ چیمپیئن قرار پائے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ہاکی ایشیئن چیمپیئنز ٹرافی کے گروپ میچ میں انڈیا نے پاکستان کو 1-3 سے شکست دے دی ہے۔
جمعہ کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے واحد گول جنید منظور نے کیا۔
انڈیا کی جانب سے ہرمنپریت سنگھ نے دو اور آکاش دیپ سنگھ نے ایک گول کیا اور اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان اور انڈیا کے علاوہ جنوبی کوریا، جاپان، ملائشیا اور میزبان بنگلہ دیش کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ ایونٹ میں انڈیا اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر سات پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ جبکہ جنوبی کوریا اور جاپان دو دو پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
پاکستان اپنا پہلا میچ جاپان کے خلاف برابر کرنے میں کامیاب رہا ہے اور پوائنٹس ٹیبل میں اس کی چوتھی پوزیشن پر ہے۔
ایشیئن چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان اور انڈیا کو سب سے زیادہ بار چیمپیئن رہنے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ دونوں ٹیمیں مشترکہ طور پر ایونٹ میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کریں گی۔
2011 میں چین میں منعقد ہونے والی پہلی ایشین چیمپینز ٹرافی میں انڈیا فاتح رہا جبکہ 2012 میں قطر میں پاکستان ایشیئن چیمپیئن بننے میں کامیاب ہوا، 2013 میں جاپان میں پاکستان نے ایک بار پھر اپنے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے ایشیئن چیمپیئنز ٹرافی اپنے نام کی جبکہ 2016 میں ملائشیا میں انڈیا ایک بار پھر ٹائیٹل جیتنے میں کامیاب رہا ہے۔
2018 میں اومان میں منعقد ہونے والی ایشیئن چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان اور انڈیا اس وقت مشترکہ چیمپیئن قرار پائے جب فائنل میں شدید موسم اور موسلادھار بارش کے باعث میچ ممکن نہ ہوسکا۔
عالمی رینکنگ میں انڈین ہاکی ٹیم تیسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ پاکستان عالمی رینکنگ میں 18 ویں نمبرپر موجود ہے۔
ایونٹ کے سیمی فائنلز 21 دسمبر جبکہ فائنل 22 دسمبر کو ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔