Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا خدشات کے باوجود تیسرا ٹی20 شیڈول کے مطابق ہوگا: پی سی بی

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرا ٹی20 میچ آج کھیلا جانا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی20 میچ آج شیڈول کے مطابق نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
پی سی بی کے ترجمان نے اردو نیوز کے نامہ نگار زبیر علی خان کو بتایا کہ ’دونوں ٹیموں کے درمیان ایک روزہ میچز کی سیریز کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔‘
پاکستان کے دورے پر موجود ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم کے تین مزید کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کے دو اراکین میں آج کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
جمعرات کے روز ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین شائی ہوپ، لیفٹ آرم سپنر اکیل حسین اور آل راؤنڈر جسٹن گریوز کے پی سی آر ٹیسٹ مثبت آئے ہیں اور اب وہ قرنطینہ میں ہیں۔
ٹیم کے کھلاڑیوں کے علاوہ مینجمنٹ کے دو ارکان اسسٹنٹ کوچ راڈی ایسٹوک اور ٹیم کے ڈاکٹر اکشائی مان سنگھ بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی20 میچ جمعرات کی شام کو کھیلا جانا ہے۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کا اپنے بیان میں مزید کہنا ہے کہ ان کی پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کے ساتھ آج ایک میٹنگ ہونی ہے جس میں ٹیم کا دورہ پاکستان جاری رکھنے یا نہ رکھنے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے پاکستان آنے کے فوری بعد تین کھلاڑیوں شیلڈن کوٹریل، کائل مائرز اور روسٹن چیس کے بھی کووڈ ٹیسٹ مثبت آئے تھے اور وہ اس وقت آئسولیشن میں ہیں۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی 20 سیریز پاکستان پہلے ہی 2-0 سے جیت چکا ہے۔
اس کے علاوہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز 18 دسمبر سے کراچی میں شروع ہوگی۔

شیئر: