اقاموں کی سالانہ تجدید بھی حسب سابق جاری رہے گی
سہہ ماہی اقامہ کی تجدید سے فیملیز کو کافی سہولت ہوگی(فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت افرادی قوت کاکہنا ہے کہ کارکنوں کے اقاموں کی سالانہ بنیادوں پر تجدید کا عمل جاری ہے ـ
اخبار 24 نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی افواہوں کے حوالے سے وزارت افرادی قوت سے دریافت کیا جن میں کہا جارہاتھا کہ وزارت افرادی قوت نے مملکت میں موجود غیر ملکی کارکنوں کے اقاموں کی سالانہ بنیادوں پرتجدید کا سلسلہ ختم کردیا ہے ـ
اس حوالے سے وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ کارکنوں کے اقاموں کی تجدید کابینہ کے فیصلے کے مطابق جاری ہے جبکہ وہ افراد جو سالانہ بنیاد پر اقامہ کی تجدید کرانا چاہتے ہیں وہ بھی کرائی جاسکتی ہے ـ
واضح رہے سعودی کابینہ نے غیر ملکی کارکنوں کے اقامے کی فیس تین ، چھ اور بارہ ماہ کے لیے جمع کرانے کی سہولت کی منظوری دی تھی ۔
اقاموں کی تجدید کے حوالے سے دی جانے والی مدت کی رعایت سے ان تارکین کو خاص طورپر فائدہ ہوگا جو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مملکت میں مقیم ہیں۔
نئے قانون کے مطابق تارکین اپنے اہل خانہ عائد تین ماہ کی فیس جمع کرانے کے بعد اقامہ تجدید کراسکتے ہیں۔
اس طرح تارکین پریکمشت 12 ماہ کی فیس کا بوجھ کم ہو جائے گا۔ خاص کروہ تارکین جواپنے اہل خانہ کو مستقل بنیادوں پروطن بھیجنا چاہتے ہیں اور کسی طرح کی مجبوری کے باعث وہ انہیں چند ماہ روکے رکھنا چاہتے ہیں۔
ضوابط کے مطابق اب اہل خانہ پرعائد ماہانہ فیس یکمشت کے بجائے سہہ ماہی بھی ادا کی جاسکے گی۔