او آئی سی اجلاس میں شرکت کے بعد سعودی وزیر خارجہ واپس روانہ
اتوار 19 دسمبر 2021 18:51
شہزادہ فیصل بن فرحان نے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ (فوٹو: طاہر اشرفی ٹوئٹر)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اسلام آباد میں منعقد ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کے غیر معولی اجلاس میں شرکت کے بعد سعودی عرب روانہ ہوگئے ہیں۔
سعودی وزیرخارجہ کو وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان حافظ طاہر اشرفی، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان اور وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے رخصت کیا۔
فیصل بن فرحان سعوی عرب کی جانب سے بلائے گئے او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے پر غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لیے سنیچر کی رات کو اسلام آباد پہنچے تھے۔
اسلام آباد میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ڈی بی ) کے سربراہ ڈاکٹر محمد الجاسر سے اتوار کو اسلام آباد میں ملاقات کی ۔
ایس پی اے کے مطابق اس موقع پر فریقین نے مسلم وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس کے نتائج کا جائزہ لیا۔ اجلاس سعودی عرب نے جی سی سی کے موجودہ سربراہ کی حیثیت سے طلب کیا تھا۔
انہوں نے افغان معیشت کو سہارا دینے کی ضرورت پر گفت و شنید کی ۔ فریقین کی گفتگو کا محور دو نقطے تھے ایک تو یہ کہ افغان معیشت کا دھڑن تختہ نہ ہو ۔ دوسرا نکتہ یہ تھا کہ افغان معیشت کے استحکام اور فروغ کےلیے ممکنہ تعاون کیا جائے ۔
علاوہ ازیں افغان بھائیوں کی صلاح و فلاح میں معاون ہر اقدام کی حمایت بھی گفت و شنید میں زیر بحث آئی ۔ اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی ، اسلامی ترقیاتی بینک اور متعلقہ بین الاقوامی تنظیمیں افغانستان کی ترقی میں ممکنہ حصہ ڈالیں۔ فریقین نے باہمی دلچسپی کے نمایاں علاقائی و بین الاقوامی امور کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر سعودی دفتر خارجہ میں پالیسی سازی کے کے ادارے کے معاون ڈائریکٹر شہزادہ عبداللہ بن خالد بن سعودی الکبیر پاکستان میں متعین سعودی سفیر نواف المالکی اور وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداود بھی موجود تھے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے اسلام آباد میں وزارئے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے علاہ وزیراعظم پاکستان عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔
خیال رہے وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران عمران خان نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
عمران خان نے افغانستان میں انسانی صورتحال پر او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی کونسل کا غیر معمولی اجلاس بلانے کے سعودی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا اس امید کا اظہار کیا کہ ’دنیا افغانستان کو اکیلا اچھوڑنے کی غلطی نہیں دہرائے گی۔‘
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ ’وہ کمزور افغانوں کی مدد کریں۔‘
پاکستان اور سعودی عرب کے دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے وزیراعظم نے پاکستان سعودی عرب تعلقات کی خصوصی اہمیت پر زور دیا جو قریبی برادرانہ تعلقات، تاریخی روابط اور عوامی سطح پر حمایت پر مبنی ہے۔