سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ’ وہ فرماتے ہیں کہ آکر ہماری مدد کریں کوئی طریقہ بنائیں، فارمولہ بنائیں لیکن میں نے کہا کہ کہ فارمولا بنا بنا کرملک کا بیڑا غرق کررہے ہیں، اب تم کرو اس کی چھٹی پھر کرو ہم سے بات۔‘
نوابشاہ میں ایک تقریب سے خطاب میں پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ’میں نے ان کو پہلے دن کہا تھا کہ نیب چلے گی تو حکومت نہیں چلے گی، اب یہ نیب چلا رہے ہیں، حکومت نہیں چلا رہے۔‘
اپنی تقریر میں آصف علی زرداری نے نام لیے بغیر پی ٹی آئی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ آصف زرداری نے موجودہ حکومت کو معیشت کی تباہی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’ان کے اپنے سیکریٹریز کسی بھی معاہدے پر سائن کرنے پر تیار نہیں ہیں، اب تو نیب میں نرمی برتی جا رہی ہے لیکن جو نقصان ہونا تھا وہ تو ہو گیا، ڈالر 180 روپے کا ہو گیا ہے، ضرورت ہی نہیں تھی روپے کی قدر کم کرنے کی، یہ ڈی ویلیویشن کرنے والے جاہل ہیں، یہ جتنے بھی باہرسے آتے ہیں جاہل ہیں، ان کوسمجھ نہیں آئی اورہمارا قرض ڈبل ہوگیا ہے۔‘