پاکستان کا مقامی طور پر تیار کردہ بابر کروز میزائل کا کامیاب تجربہ
پاکستان نے بابر کروز میزائل 1 بی کے ایک بہتر رینج ورژن کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ فائل فوٹو: آئی ایس پی آر
پاکستان نے مقامی طور پر تیار کردہ بابر کروز میزائل 1 بی کے ایک بہتر رینج ورژن کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق منگل کو کیے جانے والے لانچ کو دیکھنے کے لیے لیفٹیننٹ جنرل ندیم رکی منج، سٹریٹیجک پلانز ڈیویژن کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رضا ثمر، نیسکوم چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد علی، آرمی سٹریٹیجک فورس کمانڈ کے کمانڈر، سٹریٹیجک پلانز ڈویژن کے سینیئر افسران سمیت سائنسدان اور سٹریٹیجک اداروں کے انجینیئرز موجود تھے۔
سٹریٹیجک پلانز ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل نے سائنسدانوں اور انجینیئرز کو کروز میزائل کی ٹیکنالوجی میں کمال حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔
انہوں نے اس بات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ تجربہ پاکستان کی سٹریٹیجک صلاحیتوں کو مزید مستحکم بنائے گا۔
پاکستان کے صدر، وزیراعظم اور جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی اینڈ سروسز کے سرابراہان نے بھی متعلقہ سائنسدانوں اور انجینیئرز کو کامیاب لانچ پر مبارکباد دی۔