Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنسی زیادتی کے الزامات: امریکی اداکار شو سے فارغ

کرس نوٹھ نے ان الزامات کو جھوٹ قرار دیا ہے۔ (فائل فوٹو: اے یف پی)
امریکہ کی ’کولمبیا براڈکاسٹنگ سروس‘ (سی بی ایس) نے جنسی تشدد کے الزامات لگنے کے بعد امریکی اداکار کرس نوٹھ کو اپنے شو ’دا ایکولائزر‘ سے الگ کر دیا ہے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کرس نوٹھ اس سیریز کی صرف اگلی ایک قسط میں نظر آئیں گے جس کی فلمبندی پہلے ہی ہوچکی ہے۔
گزشتہ ہفتے ’دا ہالی وڈ رپورٹر‘ نے ایک خبر چھاپی تھی جس میں ’زوئی‘ اور ’للی‘ جیسے فرضی ناموں سے خود کو متعارف کرانے والی دو خواتین نے کرس نوٹھ پر جنسی تشدد کرنے کے الزامات عائد کیے تھے۔
رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ یہ تشدد کے واقعات 2004 میں لاس اینجلس اور نیویارک میں 2015 میں رونما ہوئے تھے۔
امریکی اداکار اس سے قبل ’سیکس اینڈ دا سٹی‘ اور ’لا اینڈ آرڈر‘ سمیت متعدد شوز اور فلموں میں کام کرچکے ہیں۔
کرس نوٹھ خود پر لگائے گئے الزامات کو ’سراسر جھوٹ‘ قرار دے رہے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ان پر الزامات لگانے والے افراد وہ ہیں جن سے وہ سالوں یا دہائیوں پہلے ملے تھے۔
’یہ کہانیاں 30 سال پرانی بھی ہوسکتی ہیں اور 30 دن پرانی بھی لیکن نہ کا مطلب نہ ہی ہوتا ہے، یہ وہ سرخ لکیر ہے جو میں نے کبھی کراس نہیں کی۔‘
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے ایسے تمام تعلقات ہمیشہ رضامندی کی بنیاد پر رہے ہیں۔

شیئر: