مساجد میں ماسک اور سماجی فاصلے پرعمل جاری رکھنے کی ہدایت
مساجد میں ماسک اور سماجی فاصلے پرعمل جاری رکھنے کی ہدایت
جمعرات 23 دسمبر 2021 19:14
وزارت اسلامی امور نے تمام ذیلی دفاتر کوہدایات جاری کردی ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے تاکید کی ہے کہ مساجد میں ماسک اورسماجی فاصلے کی سختی سے پابندی کریں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق وزارت اسلامی امور نے مملکت کے تمام علاقوں میں وزارت کے ذیلی اداروں کو جاری بیان میں ہدایت کی ہے کہ وہ کورونا وائرس سے بچاو کےلیے مقرر تدابیر کی پابندی کریں اور کرائیں ۔
ہدایاتی بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مساجد کے ذمہ دار خاص طور پر نمازیوں کے درمیان سماجی فاصلے اور حفاظتی ماسک پر عملدرآمد کرائیں۔
یہ پابندی وزارت صحت کی جانب سے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کےلیے لگائی گئی ہے ۔
یاد رہے کہ 26 مئی 2020 کو وزارت داخلہ نے مساجد میں تمام فرض نمازیں جماعت سے ادا کرنے اور جمعہ کی نماز کے اہتمام کی اجازت دے دی تھی۔ اس اجازت سے مکہ مکرمہ کی مساجد کو مستثنیٰ رکھا گیا تھا ۔ تاکید کی گئی تھی کہ پنج وقتہ نمازوں اور جمعہ کے دوران حفاظتی تدابیر کی پابندی کی جائے۔
وزارت اسلامی امور نے اس وقت متعدد حفاظتی تدابیر کی تاکید کی تھی۔ ان میں اذان سے 15 منٹ قبل مساجد کھولنا اور نماز کے 10 منٹ بعد بند کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
علاوہ ازیں اذان اور تکبیر کے درمیان صرف 10 منٹ کا وقت رکھنے کی تاکید کی گئی تھی۔ نماز ختم ہونے تک مساجد کی کھڑکیاں اور دروازے کھولنے کی پابندی لگائی گئی تھی۔
اس وقت مساجد میں موجود تمام کتابیں اور قرآن پاک کے نسخے اٹھا لیے گئے تھے۔ مدکورہ تمام تدابیر نمازیوں کو وائرس سے بچانے کےلیے کی گئی تھیں۔ طے کیا گیا تھا کہ ہر نمازی دوسرے نمازی سے دو میٹر کے فاصلے پر رہے اورایک صف سے دوسری صف کے درمیان بھی فاصلہ چھوڑا جائے۔