Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صنعا کے ’الثورہ ‘ سٹیڈیم پرعرب اتحاد کی کامیاب کارروائی

گزشتہ 24 گھنٹوں میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر 42 حملے کیے گئے(فوٹو، ٹوئٹر)
 عرب اتحاد کے ترجمان بریگیڈیئر ترکی المالکی نے کہا ہے کہ عرب اتحاد نے حوثی دہشتگردوں کی صفوں میں انتشار پیدا کر دیا ہے۔
اتحاد نے صنعا کے ’الثورہ‘ سٹیڈیم کا ہدف مقرر کر کے حوثیوں کو انتباہ دیا تھا کہ وہ 6 گھنٹے کے اندر اندرسٹیڈیم کواسلحہ سے خالی کر دیں۔  
سبق ویب سائٹ کے مطابق المالکی کا کہنا ہے کہ حوثیوں کے وہم و گمان میں بھی یہ بات نہ تھی کہ عرب اتحاد اپنے انتباہ کے سلسلے میں سنجیدہ ہو سکتا ہے۔
وہ یہ دیکھ کرچونک گئے کہ جونہی مہلت کی میعاد ختم ہوئی اس کے چند سیکنڈ بعد ہی عرب اتحاد کے طیاروں نے الثورہ سٹیڈیم اور وہاں سے منتقل کیے جانے والے اسلحہ کے گوداموں پر بمباری کرکے تباہی پھیلا دی۔  
حوثیوں نے بوکھلاہٹ میں بیان بازی شروع کر دی کہ عرب اتحاد نے سول تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ حوثیوں کے دعوے اس وقت خود بخود غلط ثابت ہو گئے جب خود ان کی طرف سے جاری کردہ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگے۔
حوثیوں کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو کلپس میں مناظرصاف نظر آرہے ہیں جس میں الثورہ سٹیڈیم پر بمباری سے قبل سٹیڈیم غیر آباد نظر آرہا ہے۔
 اس سے یہ بات ثابت ہو گئی کہ حوثی سٹیڈیم کو اسلحہ گودام کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔ عرب اتحاد نے سٹیڈیم سے اسلحہ کی منتقلی کے آپریشن کی پل پل نگرانی کی تھی۔  
دوسری جانب عرب اتحاد کی جانب سے جاری ایک اور بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مارب میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر 42 عسکری حملے کیے گئے جن میں حوثیوں کی 20 عسکری گاڑیاں تباہ اور 243 حوثی دہشتگرد مارے گئے۔

شیئر: