عرب اتحاد کا صنعا ایئرپورٹ پر ٹارگٹڈ آپریشن
عسکری آپریشن انتہائی نپے تلے انداز میں کیا جارہا ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
عرب اتحاد برائے یمن کا کہنا ہے کہ صنعا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پرٹارگٹڈ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ عسکری آپریشن انتہائی نپے تلے انداز میں کیا جارہا ہے۔
العریبہ نیوز چینل نے عرب اتحاد کے ترجمان بریگیڈیئرترکی المالکی کے حوالے سے مزید کہا کہ بین الاقوامی اورانسانی قانون کے مطابق صنعا ایئرپورٹ پرکارروائی کی۔
قبل ازیں عرب اتحاد کی جانب سے کہا گیا تھا کہ بین الاقوامی انسانی تنظیموں کے اہلکار اور شہری صنعا انٹرنیشنل ایئرپورٹ فورا خالی کردیں۔
عرب اتحاد کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ ایئرپورٹ سے رونما ہونے والے خطرات سے نمٹنے کےلے عسکری آپریشن کے لیے قانونی اقدامات کرلیے گئے ہیں۔
اس حوالے سے عرب ذرائع نے اطلاع دی تھی کہ حوثیوں نے صنعا ایئرپورٹ کےلیے اقوام متحدہ کے طیاروں اور امدادی جہازوں کےلیے پروازوں کے اجازت نامے معطل کردیئے ۔
عرب ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ حوثیوں نے پیر کے روز اقوام متحدہ کے ماتحت طیارے کو صنعا ایئرپورٹ پر اترنے کے روک دیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ حوثیوں نے صنعا ایئرپورٹ کوعسکری مقاصد کےلیے استعمال کرکے اقوام متحدہ کی پروازوں پربرا اثر ڈالا ہے۔
عرب اتحاد برائے یمن کی جانب سے کہا جاچکا ہے کہ صنعا ائیر پورٹ حزب اللہ اورپاسداران انقلاب کے ماہرین کا فوجی اڈا بن چکا ہے۔
عرب اتحاد اس حوالے سے توجہ دلا چکا ہے کہ حوثی قانونی تحفظ یافتہ مقامات کو سرحد پار حملوں کےلیے استعمال کررہے ہیں۔ اتحاد نے اعلان کیا تھا کہ اگر شہریوں کے تحفظ کی ضرورت پڑتی تو مقررہ مقامات کی رعایتیں ختم کرانے کے لیے قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔