پاکستان سمیت متعدد ممالک کی جانب سے مملکت پر حملوں کی مذمت
حوثیوں کے حملے سعودی عرب ہی نہیں خطے کے امن کےلیے بھی خطرہ ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
پاکستان سمیت متعدد ممالک کی جانب سے سعودی عرب کے شہر جازان اور نجران پرحوثیوں کے میزائل حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں عالمی انسانی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیاہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یمن میں حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پرمیزائل حملے نہ صرف عالمی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں بلک یہ سعودی عرب اور خطے کی امن وسلامتی کے لیے بھی خطرہ ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیاہے کہ پاکستان ان حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مملکت کے ساتھ بھرپورتعاون کا اظہار کیا ہے۔
دوسری جانب عرب وزرائے داخلہ کی کونسل کی جنرل سیکرٹریٹ کی جانب سے بھی سعودی عرب کے شہرجازان اور نجران کو میزائل حملوں سے نشانہ بنائے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
تیونس میں عرب وزرائے داخلہ کے صدر دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے جو مجرمانہ فعل کیا گیا وہ عالمی انسانی قوانین کی خلاف ورزی ہے جس سے خطےکے امن وسکون کو خطرہ لاحق ہے۔
متحدہ عرب امارات ، عراق اور خلیجی عرب تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے بھی حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
واضح رہے جمعہ کی شب یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے علاقے جازان اور نجران پردوالگ الگ میزائل داغے جس میں 2 افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہوئے تھے