حوثیوں کے حملے میں دو افراد ہلاک، 7 زخمی، 12 گاڑیاں متاثر
’میزائل حملے میں سعودی اوریمنی ہلاک جبکہ 7 افراد زخمی ہوئے ہیں‘ (فوٹو: سبق)
عرب اتحادی فوج کی جانب سے جمعہ کے روز جازان اور نجران پر میزائل حملوں میں دو افراد کے ہلاک اور 7 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ حملے کے نتیجے میں دو کانیں اور 7 گاڑیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ ’حملہ جازان کی صامطہ کمشنری میں ہوا جہاں اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں‘۔
’جائے وقوعہ پر پہنچنے کے بعد معلوم ہوا کہ حملے کے نتیجے میں دو افراد ’ایک سعودی شہری اور دوسرا یمنی تارک‘ ہلاک ہوئے ہیں‘۔
’جبکہ ملبہ گرنے اور گولے کے اجزا بکھرنے سے 7 افراد ’6 شہری اور ایک بنگلہ دیشی تارک‘ زخمی ہوئے ہیں‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’حملے کے باعث دو دکانیں اور موقع پر موجود 12 گاڑیاں متاثر ہوئی ہیں‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’زخمیوں میں سے بعض کو درمیانے درجے کے جبکہ بعض کو معمولی زخم آئے ہیں جنہیں علاج کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ‘۔
دوسری طرف عرب اتحادی فورس نے کہا ہے کہ ’شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے حوثی باغیوں کے خلاف بین الاقوامی انسانی قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے جامع انداز میں عسکری کارروائی کی جائے گی‘۔
واضح رہے جمعہ کے روز حوثی باغیوں کی جانب سے مملکت کے سرحدی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ایران نواز حوثی باغیوں کا ایک میزائل جازان میں گرا جبکہ دوسرا نجران میں جہاں ایک ورکشاپ کو نقصان پہنچا۔