جازان اور نجران پر حوثیوں کا میزائل حملہ، 2 شہری زخمی
جازان میں گاڑی کا عقبی شیشہ ٹوٹ گیا جبکہ دوسرا میزائل نجران میں گرا(فوٹو، ٹوئٹر)
عرب اتحاد برائے یمن نے کہا ہے کہ نجران اور جازان کے سرحدی علاقے میں حوثی باغیوں کی جانب سے میزائل حملہ کیے گئے جس کے نتیجے میں دو شہری زخمی ہوئے۔
ویب نیوز سبق کے مطابق عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے داغے جانے والے میزائل سے جازان کے سرحدی علاقے میں موجود ایک شہری کی گاڑی کا عقبی شیشہ ٹوٹ گیا۔
دوسرا میزائل حملہ نجران میں کیا گیا۔ حوثیوں کا میزائل ایک ورکشاپ کے باہر گرا۔ میزائل حملے سے ورکشاپ متاثرہوئی تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
عرب اتحاد برئے یمن کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے کیے جانے والے حملوں سے شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کےلیے جامع اقدامات کیے جائیں گے۔
دریں اثنا الاخباریہ کے مطابق عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق دو مقامی شہری میزائل حملے میں زخمی ہوگئے۔ حوثیوں کے حملے کا مقصد شہریوں کو زک پہنچانا تھا۔
عرب اتحاد نے انتباہ دیا ہے کہ سعودی عرب کونشانہ بنانے والے میزائل لانچر کو تباہ کرنے کےلیے فوری فضائی حملے کیے جائیں گے۔