Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں اومی کرون کے 75 کیسز کی تصدیق

قومی ادارہ صحت کے مطابق ویکسینیشن اور ایس او پیز پر عمل اومی کرون کے خلاف بھی دفاع فراہم کرتا ہے (فوٹو: یونیسف)
پاکستان کے قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کی جانب سے پاکستان میں کورونا کے نئے ویریئنٹ اومی کرون کے 75 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔
بدھ کو قومی ادارہ صحت کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ 75 کیسز میں سے کراچی میں 33، لاہور میں 13 اور اسلام آباد میں 17 کیسز سامنے آئے، جبکہ دیگر 12 کیسز کا بین الاقوامی سفر کرنے والوں سے تعلق ہے۔
قومی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان میں اومی کرون کا پہلا کیس 13 دسمبر کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا۔
ادارے کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ اومی کرون کے مریضوں کو آئسولیٹ کر دیا گیا ہے اور ان سے رابطے میں رہنے والوں کی جانچ کی جا رہی ہے تاکہ وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔
پریس ریلیز کے مطابق 26 نومبر کو عالمی ادارہ صحت کی جانب سے اومی کرون کو تشویشناک قرار دیے جانے کے بعد سے وزارت صحت، این سی او سی، قومی ادارہ صحت اور صوبائی سطح پر صحت کے منسلک ادارے اس پر خصوصی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔
پریس ریلیز کے مطابق وائرس کے خلاف ویکسینیشن اور ایس او پیز کی پابندی ہمارا موثر دفاع ہے۔
’وائرس کی بدلتی خصوصیات کے باوجود ویکسینیشن اور ایس او پیز کی پابندی ہمیں اس کے خلاف موثر دفاع فراہم کرتی ہے۔‘
حکومت کی جانب سے منظور شدہ ویکسینز پورے ملک میں دسیتاب ہیں جو بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر ہیں۔
حکومت کی جانب سے تمام لوگوں پر زور دیا گیا ہے کہ ویکسین کی دونوں خوراکیں ضرور لیں جبکہ اہلیت کے معیار کے مطابق بوسٹر ڈوز بھی لگوائی جائے۔

شیئر: