اومی کرون کا ’سونامی‘، عالمی ادارہ صحت نے خبردار کر دیا
اومی کرون کا ’سونامی‘، عالمی ادارہ صحت نے خبردار کر دیا
جمعرات 30 دسمبر 2021 7:27
عالمی ادارہ صحت کے مطابق پچھلے ہفتے میں کیسز میں جو اضافہ ہوا وہ پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا (فوٹو: اے ایف پی)
عالمی ادارہ صحت نے کورونا کے نئے ویریئنٹ اومی کرون کو ’سونامی‘ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پچھلے ہفتے کے دوران کیسز میں جو اضافہ ہوا وہ پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہا نوم کا کہنا ہے کہ ’مجھے اس پر شدید تشویش ہے، جو ڈیلٹا کی موجودگی میں اس سے بھی تیزی سے پھیل رہا ہے جس سے کیسز سونامی کی شکل اختیار کر رہے ہیں۔‘
تیزی سے پھیلنے والے وائرس نے امریکہ، فرانس اور ڈنمارک نے بری طرح لیپٹ میں لیا اور عالمی سطح پر اس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد چھ کروڑ 65 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ اعداد و شمار مارچ 2020 کے بعد سے اب تک سب سے زیادہ ہیں جب عالمی ادارہ صحت نے کورونا کو عالمی وبا قرار دیا تھا۔
اسی طرح اومی کرون کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے کرسمس کی تقریبات بھی متاثر ہوئیں۔
نئے وائرس کے باعث یورپ میں صورت حال تشویشناک ہے، جس نے حکومتوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے کیونکہ وہ پابندیاں بھی لگانا چاہتی ہیں اور معاشی سرگرمیوں کو بھی جاری رکھنا چاہتی ہیں جو کہ پہلے ہی دو سال کے بعد بحال ہوئی تھیں۔
امریکہ میں سات روز کے دوران سب سے زیادہ کیسز کی تعداد سامنے آئی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق اس عرصے میں دو لاکھ 65 ہزار چار سو 27 کیسز سامنے آئے۔
اسی طرح فرانس میں ایک روز کے دوران اب تک کے سب سے زیادہ دو لاکھ کیسز سامنے آئے جو کہ کرسمس کے روز رپورٹ ہونے والی تعداد سے دو گنا ہے۔
فرانسیسی پولیس کا کہنا ہے کہ جمعے سے پیرس میں سب کے لیے ماسک پہننا لازمی ہو گا۔
ڈنماک اس وقت اومی کرون کے پھیلاؤ میں سب سے آگے ہے، وہاں 23 ہزار دو سو 28 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ کرسمس کی تقریبات کے بعد اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
پرتگال بھی ان ممالک میں شامل ہے جہاں وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور 24 گھنٹے میں 27 ہزار نئے کیس رپورٹ ہوئے جبکہ لبنان میں تین ہزار ایک سو 50 کیس سامنے آئے جو روزانہ کی بنیاد پر اب تک کی ریکارڈ تعداد ہے۔
برطانیہ میں 24 گھنٹوں کے دوران ایک لاکھ 83 ہزار 37 کیس رپورٹ ہوئے جبکہ ہسپتالوں میں داخل مریضوں کی تعداد 10 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
تحقیق سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اس بڑھاوے کے باوجود ہسپتالوں میں داخلے کی شرح کم ہوئی تاہم پھر بھی عالمی ادارہ صحت نے حفاظتی اقدامات پر زور دیا ہے۔
اے ایف پی کے اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا میں 50 کروڑ 40 اموات ہو چکی ہیں تاہم پچھلے ہفتے کے دوران روزانہ کی بنیاد پر اموات کا اوسط چھ ہزار چار سو 50 رہا جو کہ اکتوبر 2020 کے بعد سب سے کم ہے۔