امریکی ریاست کولوراڈو کے جنگل میں آتشزدگی، سینکڑوں مکانات تباہ
امریکی ریاست کولوراڈو کے جنگل میں آتشزدگی، سینکڑوں مکانات تباہ
جمعہ 31 دسمبر 2021 10:03
امریکی ریاست کولوراڈو کے جنگل میں تیزی سے پھیلنے والی آگ سے سینکڑوں گھر تباہ جبکہ درجنوں افراد زخمی اور لاکھوں رہائشی انخلا پر مجبور ہو گئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق اس آگ کے بارے میں خیال ہے کہ یہ بجلی کی تاروں اور ٹرانسفارمرز میں لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے رہائشی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
کولوراڈو کی میونسپلٹی بولڈر کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے ادارے نے اپنی ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ ’انخلا کے احکامات سب سے پہلے سپیریئر کے علاقے کےرہائشیوں کے لیے جاری کیے گئے جس کی آبادی 13 ہزار ہے۔ اس کے بعد 18 ہزار افراد پر مشتمل لوئزوائل کے رہائشیوں کو بھی علاقہ خالی کرنے کا کہا گیا۔‘
کولوراڈو کی میونسپلٹی بولڈر کے محکمہ موسمیات نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’سپیریئر کے مکمل علاقے کے لیے انخلا کے احکامات ہیں۔ یہاں سے ابھی نکلیں۔‘
حکام کا کہنا ہے کہ کچھ ہی گھنٹوں میں آگ کے شعلوں نے ایک ہزار 600 ایکڑ کے رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور 500 سے زائد مکانات تباہ کر دیے۔
’سپیریئر کے مغربی حصوں میں 370 مکانات آگ کی زد میں آئے جبکہ سپیریئر کے ’اولڈ ٹاؤن‘ کے علاقے میں 210 رہائشگاہیں تباہ ہوئیں۔ اس آتشزدگی سے شاپنگ سینٹر اور سپیریئر کے ایک ہوٹل کو بھی نقصان پہنچا ہے۔‘
حکام نے یہ بھی بتایا کہ تیز ہوا کے جھونکوں نے آگ کو پھیلنے سے روکنا ناممکن بنایا اور ہنگامی حالات سے نمٹنے اور آگ بجھانے والے اہلکار لوگوں کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہی کیا جا سکتا ہے۔‘
پولیس کے مطابق ان کے پاس لوگوں کی گمشدگی اور ہلاکتوں کے حوالے سے کوئی رپورٹ نہیں ہے۔