Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈی آئی خان: چلغوزے اور زیتون کے جنگلات میں آتشزدگی، تین کلومیٹر جنگل تباہ

پانی نہ ہونے کی وجہ سے آگ بجھانے کے لیے مٹی استعمال کی گئی۔ فوٹو بشکریہ فیصل امین
بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقے میں قائم چلغوزے اور زیتون کے جنگلات میں دو دن قبل لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔  حکام کے مطابق آتشزدگی سے جنگل کا تین کلومیٹر حصہ تباہ ہو گیا ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے میں ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے زنداور کے مقام پر چلغوزے اور زیتون کے جنگلات میں منگل کو آگ لگ گئی تھی جس نے بدھ کی شام کو شدت اختیار کر لی۔ 
علاقے کے ایک قبائلی معتبر محمد یونس شیرانی نے اردو نیوز کو بتایا کہ جنگل میں لگنے والی آگ کے شعلے کئی کلومیٹر دور سے بھی نظر آرہے تھے۔
محکمہ جنگلات و جنگلی حیات، ریسکیو اور پولیس کی ٹیموں کے ساتھ ساتھ مقامی نوجوانوں نے بھی آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا، تاہم انہیں راستہ دشوار گزار ہونے اور قریب پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ڈیرہ اسماعیل خان کے ایم پی اے فیصل امین خان کے مطابق ضلعی انتظامیہ، پاک فوج ، ریسکیو 1122، محکمہ جنگلات، پولیس اور مقامی لوگوں کی مدد سے جمعرات کی صبح آگ پر قابو پا لیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ پانی نہ ہونے کی وجہ سے آگ بجھانے کے لیے مٹی استعمال کی گئی، آتشزدگی سے ہونے والے نقصانات کا ابھی تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

آتشزدگی سے جنگل کا تین کلومیٹر حصہ تباہ ہو گیا ہے۔ فوٹو بشکریہ فیصل امین

محمد یونس شیرانی کے مطابق ’آتشزدگی سے کم از کم تین کلومیٹر جنگل تباہ ہوا ہے، آگ سے زیادہ تر زیتون کے درختوں کو نقصان ہوا ہے۔ خوش قسمتی سے آگ مزید نہیں پھیلی ورنہ چلغوزے کے قیمتی جنگلات کا بڑا حصہ تباہ ہو جاتا۔‘
بلوچستان کے ضلع شیرانی اور اس سے متصل خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے اضلاع میں تخت سلیمان کے وسیع پیمانے پر چلغوزے کے قدرتی جنگلات واقع ہیں۔
مقامی قبائلی رہنماء محمد یونس شیرانی کے مطابق ’ہزاروں ایکڑ پر مشتمل چلغوزے کے یہ جنگلات مقامی قبائل کی مشترکہ ملکیت ہیں، صرف ہمارے علاقے میں چلغوزے کی سالانہ پیداوار 15 سے20 ٹن ہوتی ہے۔‘
خیال رہے کہ پاکستان میں چلغوزہ خشک میوہ جات میں سب سے مہنگا سمجھا جاتا ہے، اس کی فی کلوقیمت چھ ہزار روپے سے آٹھ ہزار روپے تک ہے۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: