سبزیاں بیچنے سے ملک کی دولت نہیں بڑھتی: عمران خان
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معیشت برآمدات بڑھانے اور صنعتی ترقی سے ہوتی ہے جبکہ ہم زرعی اشیا اور سبزیاں بیچ رہے ہیں، اس طرح تو ملک کی دولت نہیں بنتی۔
سوموار کو اسلام آباد میں پاک چائنہ بزنس انویسٹمنٹ فورم کے قیام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے فورم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے تقریب میں موجود چینی سرمایہ کاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ سے فیڈ بیک چاہیے، کہ کیسی مشکلات آتی ہیں۔
عمران خان کے مطابق جن ریگولیشنز کی وجہ سے دیر ہوتی ہے ان کو ختم کر رہے ہیں۔
انہوں نے وقت کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے انگریزی کا محاورہ ’ٹائم از منی‘ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ خاص طور پر بزنس میں جتنا وقت ضائع ہوتا ہے نقصان اتنا ہی زیادہ ہوتا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ زور اس بات پر دیا جا رہا ہے کہ سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت کیسے فراہم کی جا سکتی ہے۔
وزیراعظم نے ایک بار پھر 60 کی دہائی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں صعنت تیزی سے ترقی کر رہی تھی۔
’بدقسمتی سے اس کے بعد اس جانب توجہ نہیں دی گئی۔‘
عمران خان نے برآمدات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جو ملک ایکسپورٹ نہیں کرتا وہ آگے کیسے بڑھ سکتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کے شعبے پر بھی ماضی میں توجہ نہیں دی گئی۔
ان کے مطابق ہماری حکومت کی جانب سے دیے جانے مراعات کے بعد بہتری آئی ہے۔
عمران خان نے چین کی ہمسائیگی کو ایڈوانٹیج قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ تیزی سے آگے بڑھتی معیشت ہے۔
’ہمارے اس کے ساتھ 70 سال سے تعلقات ہیں اور ہماری مدد کے لیے بھی تیار ہے۔‘