سعودی عرب میں لاک ڈاون کا امکان نہیں: ترجمان وزارت صحت
سعودی عرب میں لاک ڈاون کا امکان نہیں: ترجمان وزارت صحت
منگل 4 جنوری 2022 5:28
حقائق کی روشنی میں وبا کے پہلے مرحلے جیسی صورتحال نہیں آسکتی(فوٹو، ٹوئٹر)
مملکت میں وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ کورونا وبا کا پہلے والا ماحول بحال نہیں ہوگا- اس کا کوئی امکان نہیں ہے۔
روتانا خلیجہ چینل کے معروف پروگرام ’یاھلا‘ سے گفتگو کرتے ہوئے وزارت صحت کے ترجمان سعودی معاشرے میں گشت کرنے والی ان باتوں پر تبصرہ کررہے تھے جن میں کہا جا رہا ہے کہ ’کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کا ماحول خطرے کی گھنٹی بجا رہا ہے اور جلد ہی مملکت میں لاک ڈاؤن کی صورتحال پیش آ سکتی ہے۔‘
ڈاکٹر العبد العالی نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’مملکت میں لاک ڈاؤن کی صورتحال بعید از امکان ہے۔ زمینی حقائق یہ ہیں کہ وائرس سے متاثرہ افراد کی زیادہ تعداد ان لوگوں کی ہے جنہوں نے یا تو ویکسین نہیں لی یا وہ مطلوبہ خوراکیں اور بوسٹر ڈوز سے کترا رہے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے ماحول میں جبکہ سعودی عرب کی بڑی آبادی ویکسین لے کر مدافعتی نظام مضبوط بنا چکی ہے اور موثر ویکسینز وافر مقدار میں مہیا ہیں۔
یہ آگہی بھی موجود ہے کہ ویکسین کی مطلوبہ خوراکیں لینے کی صورت میں وائرس سے تحفظ حاصل ہو جاتا ہے- ویکسینز کی بدولت وائرس نہیں لگتا۔ ایسے عالم میں وبا کی شروعات والا ماحول دوبارہ آ جائے یہ ممکن نہیں ہے۔
العبد العالی نے تاکید کی کہ سب لوگ مطلوبہ خوراکیں حاصل کر لیں۔ دوسری خوراک لینے یا بوسٹر ڈوز لگوانے میں لاپروائی کا مظاہرہ نہ کریں۔
وزارت صحت کے ترجمان کہا کیا ہم لوگ مارچ اور اپریل 2020 جیسے ماحول میں ہیں یا ہم اس حوالے سے لمبا سفر طے کر چکے ہیں؟ انہوں نے مزید کہا کہ زمینی حقیقت یہ ہے کہ ہم کافی کچھ حاصل کر چکے ہیں۔
اب ہمارے معاشرے میں وائرس کی بابت آگہی موجود ہے اور ہمیں پتہ ہے کہ اس سے کس طرح نمٹنا ہے، اسے پھیلنے سے کس طرح روکنا ہے، ہمیں نہ صرف یہ کہ ان سب باتوں کا علم ہے بلکہ ان پر عمل بھی کر رہے ہیں۔
العبد العالی نے اپنی گفتگو مکمل کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ حقائق کی روشنی میں وبا کے پہلے مرحلے جیسی صورتحال نہیں آ سکتی۔
’اس کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔ ہمارے بچے بھی جلد ہی ویکسین یافتہ ہوجائیں گے۔ بوڑھے، حاملہ خواتین اور بعض لا پروا عناصر ڈر یا وہم کی وجہ سے ویکسین نہیں لے رہے یا مطلوبہ خوراکیں حاصل نہیں کر رہے ہیں- یہ بھی جلد ہی ویکسین لگوا لیں گے اور مطلوبہ خوراکیں پوری کرلیں گے۔‘