کورونا: 5 سے 11 برس کے بچوں کو ویکسین لگائی جائیگی
اتوار 19 دسمبر 2021 18:03
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ حفاظتی تدابیر پرعمل کیاجائے(فوٹو،ٹوئٹر)
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ جلد ہی5 سے 11 برس تک کے بچوں کو ،کورونا ویکسین لگانے کی مہم شروع کی جائے گی ۔
ترجمان صحت اتوار کو نئے کورونا وائرس کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ویکسینیشن کی اہمیت کو اجاگرکیا۔
اخبار 24 کے مطابق ترجمان صحت ڈاکٹر العبد العالی نے مزید کہا کہ پانچ سے 11 برس تک کے بچوں کو ویکسین دینے کے حوالے سے جلد اعلان کیا جائے گا تاہم حتمی تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا۔
وزارت صحت کے ترجمان نے توجہ دلائی کہ بچوں کی صحت و سلامتی کےلیے انہیں ویکسین فراہم کرنا ضروری ہے۔ بچوں کو موسمی انفلونزا ویکسین دینے کی بھی ضرورت ہے ۔
ترجمان وزارت صحت نے بتایا ہے کہ حالیہ عرصے کے دوران کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے ۔
ان حالات میں ضروری ہے کہ سب لوگ ویکسین کی دونوں خوراکیں پہلی فرصت میں حاصل کر لیں اور بوسٹر ڈوز لینے کا بھی اہتمام کریں ۔ تینوں ڈوز لینے کے باوجود حفاظتی تدابیر کی پابندی کسی بھی صورت میں ترک نہ کریں۔