Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عامر خان انڈین پہلوان اور میں پاکستانی، پیسے لے کر کشتی نہیں ہاروں گا‘

شان کا کہنا ہے کہ منفی کردار کی پیشکش انہیں عامر خان نے خود کی تھی۔ (تصویر: فیس بک)
پاکستانی فلمسٹار شان کا کہنا ہے کہ انہیں 2008 میں بننے والی انڈین فلم ’گجنی‘ میں عامر خان کے مقابل کردار کی پیشکش ہوئی تھی لیکن انہوں نے یہ پیشکش ٹھکرا دی۔
واضح رہے فلم ’گجنی‘ 2008 میں انڈیا میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم تھی جس نے 100 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا تھا۔
ہالی وڈ کی فلمیں دیکھنے والے یہ بھی جانتے ہیں کہ ’گجنی‘ امریکا میں سنہ 2000 میں بننے والی فلم ’میمنٹو‘ کی کاپی تھی۔ اس فلم میں مرکزی کردار گائے پیرس نے ادا کیا تھا۔
اداکار شان نے ’نیو ٹی وی‘ کے ایک شو میں بتایا کہ انہیں عامر خان نے خود فلم گجنی میں منفی کردار کرنے کی پیشکش کی تھی۔
شان نے پیشکش ٹھکرانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’سادہ سی بات ہے کہ وہ ایک ایسا کردار تھا جو کوئی بھی کرسکتا تھا، ضروری نہیں تھا کہ میں ہی ہوں۔‘
’ان سے میں نے صرف یہی سوال کیا تھا کہ آپ ایک پاکستانی بندے کو کیوں لینا چاہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا پتہ ہی نہیں چلے گا کہ آپ پاکستانی ہیں۔‘
پاکستانی اداکار کا کہنا تھا کہ گجنی میں ولن کا کردار بہت ہی برا تھا جو کہ بچوں کے اعضا بیچتا ہے۔
’تین چار دن میں عامر کو سمجھاتا رہا۔ میں نے پھر پنجابی اس سے ایک بات کی کہ بس آپ یہ سمجھ لیں کہ آپ انڈیا کے پہلوان ہیں میں پاکستان کا پہلوان ہوں، میں پیسے لے کر کشتی نہیں ہاروں گا۔‘
ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے عامر خان کو کہا تھا کہ پاکستان میں اور بھی بہت سے اچھے اداکار ہیں جو فریم میں کھڑے ہوں گے تو ’گجنی‘ لگیں گے۔
’انہوں نے پوچھا وہ کون؟ میں نے کہا نیئر اعجاز۔‘

شیئر: