کویت میں نئی پابندیاں، عوامی اجتماعات اور مساجد کے لیے سماجی فاصلہ ضروری
کویت میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو ہزار 413 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کے پیش نظر کویت میں ایک بار پھر مساجد اور شادی کی تقریبات کے لیے کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات نافذ کردیے گئے ہیں۔
عرب نیوز نے کویت کی سرکاری نیوز ایجنسی کونا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مساجد جانے والوں کو سماجی فاصلہ اختیار کرنے، ماسک پہننے اور اپنی ذاتی جانماز لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مساجد کی انتظامیہ کو خطبوں اور نماز کے اوقات کے دوران کھڑکیاں اور دروازے کھلے رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔
کونا کے مطابق جمعے کے خطبے کا دورانیہ بھی صرف 15 منٹ تک محدود کردیا گیا ہے۔
نو جنوری سے شادی کی تقریبات میں صرف چھ لوگوں کو شرکت کی اجازت ہوگی۔
کویت کی حکومت نے 9 جنوری سے 28 فروری تک بند جگہوں میں تمام عوامی اجتماعات پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کویت میں 27 ہزار 541 نئے ٹیسٹ کے دوران دو ہزار 413 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی کل تعداد چار لاکھ 25 ہزار 455 ہوگئی ہے جبکہ دو ہزار 469 اموات ہوچکی ہیں اور چار لاکھ 12 ہزار 749 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔