کویتی حکام نے پیر کو ہر طرح کی انڈور ہونے والی سماجی تقریبات کو عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق پابندی کا اطلاق اتوار سے 28 فروری تک ہوگا اور اس کا مقصد کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز پر قابو پانا ہے۔
کویتی کابینہ نے یہ فیصلہ اپنے ہفتہ وار اجلاس کے دوران کیا اور کہا کہ وہ پورے عرصے میں ملک میں وبائی امراض کی صورتحال کا جائزہ لیتی رہے گی۔
کابینہ نے یہ بھی اعلان کیا کہ تمام مسافر منگل تک ملک میں پہنچنے سے 72 گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ کروانے کے پابند ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق گذشتہ روز 982 نئے کورونا وائرس کیسز سامنے آئے ہیں جس سے ملک میں کیسز کی کل تعداد چار لاکھ 19 ہزار 314 ہوگئی ہے۔
وزارت صحت نے یہ بھی بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 171 مریض اس وائرس سے صحت یاب ہوئے ہیں، جب کہ کسی کی موت کی اطلاع نہیں ہے۔