Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے پر لندن کے ہسپتالوں میں فوج تعینات ہوگی

اس تعیناتی میں 40 فوجی طبی کارکنان اور 160 عام ڈیوٹی کے اہلکار ہوں گے۔ فائل فوٹو: روئٹرز
لندن کے ہسپتالوں میں اومی کرون کی وبا کے باعث سٹاف کی قلت سے نمٹنے کے لیے فوج تعینات کی جائے گی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق برطانیہ کی وزارت دفاع کا جمعے کو کہنا تھا کہ لندن میں تقریباً 200 فوجی طبی کارکنان کی مدد کے لیے پہنچیں گے۔
واضح رہے کہ لندن میں کورونا وائرس کے کیسز میں حالیہ اضافے کے پیش نظر ہسپتالوں میں سٹاف کی شدید قلت ہے۔
وزیر دفاع بین والس کا کہنا ہے کہ ’ہماری مسلح افواج کے مرد اور خواتین ایک بار پھر این ایچ ایس (نیشنل ہیلتھ سروس) میں اپنے محنتی ساتھیوں کی مدد کریں گے، جو قوم کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔‘
بین والس کا مزید کہنا تھا کہ ’انہوں نے اس وبا کے دوران بار بار اپنی قابلیت کا مظاہرہ کیا ہے، چاہے وہ ایمبولنس چلانے کے معاملے میں ہو، ویکسین لگوانے کے معاملے میں یا ہسپتال میں مریضوں کی مدد ہو، اور انہیں اس قومی کوشش میں اپنے کردار پر فخر ہونا چاہیے۔‘
وزارت کا کہنا تھا کہ اس تعیناتی میں 40 فوجی طبی کارکنان اور 160 عام ڈیوٹی کے اہلکار ہوں گے۔
واضح رہے کہ برطانیہ نے منگل کو کورونا وائرس کے یومیہ دو لاکھ 18 ہزار 724 کیسز ریکارڈ کیے جو کہ وبا کے آغاز سے اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
وینٹیلیٹر پر مریضوں اور اموات کی تعداد کم ہے، تاہم طبی کارکنان میں وائرس کی تصدیق اور ان کے آئیسولیشن میں جانے سے طبی نظام پردباؤ  آرہا ہے۔
این ایچ ایس کانفیڈریشن کے چیف ایکزیکٹیو آفیسر میتھیو ٹیلر کا کہنا تھا کہ کئی ہزار این ایچ ایس کارکنان غیر حاضر تھے۔
اس وجہ سے ’اضافی 200 افراد کا ہونا مدد دے گا، لیکن یہ جاری رہنے والی مشکل صورتحال کا بہت چھوٹا حصہ ہے۔‘
وزیر اعظم بورس جانسن کا منگل کو کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں سٹاف کی قلت کے باعث ہنگامی صورتحال ہے۔

شیئر: