Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شدید برفباری اور بے پناہ رش، سیاحوں کو مری، گلیات جانے سے روک دیا گیا

مری اور گلیات میں شدید برفباری اور ٹریفک کی خراب صورتحال کے باعث مقامی انتظامیہ نے سیاحوں کی گاڑیوں کو اسلام آباد سے ایکسپریس وے کے راستے مری جانے سے روکنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیاحتی مقام کی جانب سفر سے فی الوقت گریز کریں۔
جمعے کی رات مری میں موجود چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) نے اردو نیوز کو فون پر بتایا کہ شہر میں شدید برفباری کے باعث ٹریفک کو رواں رکھنے میں مشکلات درپیش ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس، مقامی انتظامیہ اور موٹر وے پولیس کے اہلکار اسلام آباد سے مری آنے والے ٹریفک کو رواں رکھنے کے لیے سرگرم ہیں تاہم شدید برفباری اور پھسلن کے باعث سڑکوں پر گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر کے مطابق اسلام آباد مری ایکسپریس وے پر سترہ میل ٹول پلازہ سے داخل ہونے والے سیاحوں اور ڈرائیورز کو موٹروے پولیس اہلکار شدید برفباری اور بے پناہ رش کی وجہ سے واپس بھیج رہے ہیں۔
ادھر اسلام آباد اور راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر سیاحوں کی مزید گاڑیوں کو مری ایکسپریس وے کے راستے شہر میں داخل ہونے سے روکنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پہلے سے موجود گاڑیوں اور ٹریفک کو رواں رکھا جا سکے۔
اسلام آباد انتظامیہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مری جانے والے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں۔ ’یہ فیصلہ مری میں سیاحوں کے رش اور ٹریفک جام کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔‘

وزیر داخلہ کی سیاحوں سے اپیل

جمعے کی شام وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھی ایک بیان میں سیاحوں سے مری اور گلیات کا رخ کرنے سے گریز کرنے کی اپیل کی۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ بڑھتے ہوئے رش کی بدولت سیاحوں کو مری اور گلیات کی طرف جانے سے عاضی طور پرروک دیا گیا ہے۔

’مری اور گلیات کی طرف جانے والے سیاحوں کو سترہ میل انٹرچینج سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انتہای ایمرجنسی کی صورت میں ہی شہریوں کو مری اور گلیات کی طرف سفر کرنے کی اجازت دی جائے گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ فیصلے کا مقصد مری اور گلیات سے واپس آنے والے سیاحوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔  ’فیملیز اور دیگر سیاحوں کو مری اور گلیات سے باحفاظت واپسی یقینی بنایا جا رہا ہے۔‘
وزیر داخلہ کے مطابق تقریباً ایک لاکھ سے زائد گاڑیاں اسلام آباد کے راستے مری اور گلیات کی طرف جا چکی ہیں۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اسلام آباد اور مری انتظامیہ عوام کی سہولت کے لیے 24 کھنٹے سرگرم عمل ہیں۔

شدید برفباری کے باعث ایبٹ آباد سے مری جانے والے سڑک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

وزیر داخلہ نے بتایا کہ سیاحوں کے بڑھتے ہوئے رش کی وجہ سے مری کی جانب ٹریفک کی روانی انتہائی سست روی کا شکار ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ’سیاحوں بالخصوص فیملیز سے اپیل ہے کہ وہ مری اور گلیات کی طرف سفر کرنے سے فی الحال گریز کریں۔‘

گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ

گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کے ترجمان احسن حمید نے کہا ہے کہ کنڈلہ میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑک بند ہو گئی ہے۔
ترجمان نے اپیل کی کہ گلیات میں سیاحوں کی کثیر تعداد موجود ہے اس لیے مزید سیاح وہاں کا سفر نہ کریں۔

انہوں نے گلیات میں موجود سیاحوں سے حفاطتی تدابیر اختیار کرنے کے لیے بھی کہا۔
احسن حمید نے بتایا کہ سڑک کنارے غلط پارکنگ روڈ کلئیرنس میں بڑی وجہ ہے۔
’شدید برفباری کے باعث روڈ کو فوری صاف کرنا ممکن نہیں، سیاح توحید آباد اور ڈونگا گلی کے درمیان سفر سے اجتناب کریں۔‘

شیئر: