بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری، ’گلیات کا سفر کرنے والے سیاح احتیاط کریں‘
پاکستان میں موسم سرما کی بارش کا سلسلہ جاری ہے اور منگل کو ملک کے شمالی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری بھی ہوئی۔
سب سے کم درجہ حرارت گوپس میں منفی سات اور سکردو میں منفی پانچ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، بالائی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش اورپہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں مطلع ابرآلود اور موسم سرد رہے گا۔
مری اور گلیات میں برفباری بدھ تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد کی ہوا میں نمی کا تناسب 87 فیصد اور کم سے کم درجہ حرارت چھ ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ علاقے میں دو انچ برف پڑ چکی ہے اور سڑکوں کو صاف کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق سیاح سڑک پر سفر کے دوران گاڑیوں کے ٹائرز کے گرد چین باندھیں۔ ’ایبٹ آباد مری روڈ کو برفباری رکتے ہیں ٹریفک کے لیے بحال کر دیا جائے گا۔‘
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں پیر کی شام سے وقفے وقفے سے بارش برس رہی ہے اور اگلے 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی توقع ہے۔
کراچی میں سرد موسم کے باعث بعض مقامات پر اولے پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان میں چند مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی ہے۔ سب سے زیادہ بارش پسنی میں 70 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ گوادر57، اوڑمارا 27، تربت اور جیوانی میں 24 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پوٹھوہار ریجن، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، لاہور، منڈی بہاولدین، میانوالی اور سرگودھا میں بھی بارش کا امکان ہے جبکہ بعض میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں دھند چھائی رہے گی۔
خیبرپختونخوا کے علاقوں چترال، دیر، سوات، کوہستان، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، کرم، کوہاٹ، بنوں، وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اضلاع میں بارش برس رہی ہے جبکہ پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔