Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ: ورکرز کے رہائشی مراکز میں خلاف ورزیاں، 100 خالی کرالیے گئے

اجتماعی رہائش کے لیے 333 پرمٹ جاری کیے جاچکے ہیں- (فوٹو ٹوئٹر)
جدہ میونسپلٹی کے انسپکٹرز نے ورکرز کی اجتماعی رہائش کے سو سینٹر خالی کرالیے- مقررہ ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے تھے- میونسپلٹی کے حکام  نے  کورونا وائرس کی نئی لہر کے بعد ایک بار پھر ورکرز کے اجتماعی رہائشی مراکز کے تفتیشی دورے تیز کردیے ہیں-
ایس پی اے کے مطابق جدہ میونسپلٹی کے انسپکٹرز نے ورکرز کی اجتماعی رہائش کے چھ سو سے زیادہ مراکز پر چھاپے مارے تھے- انہوں نے یہ یقین دہانی حاصل کرنے کے لیے چھاپہ مہم شروع کی ہے کہ آیا کورونا ایس او پیز کی پابندی کی جارہی ہے یا نہیں- اجتماعی رہائش کے  مراکز میں سکونت پذیر ورکرز کے بارے  میں یہ بھی دریافت کیا جارہا ہے کہ آیا انہوں نے مطلوبہ ٹیسٹ کرائے یا نہیں اور وہاں سینیٹائزنگ کی کارروائی مطلوبہ شکل میں ہورہی ہے یا نہیں-
جدہ میونسپلٹی نے توجہ دلائی ہے کہ بلدیاتی کونسل سسٹم کے تحت اجتماعی رہائش گاہوں کے لیے 333 پرمٹ جاری کیے جاچکے ہیں-
جدہ میونسپلٹی نے اجتماعی رہائش گاہوں کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کو تاکید کی ہے کہ وہ پہلی فرصت میں جرمانے ادا کریں اور پرمٹ نہ رکھنے والے مراکز فورا خالی  کردیے جائیں جبکہ پرمٹ ہولڈرز کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنے یہاں موجود خلاف ورزیاں پہلی فرصت میں دور کریں- اگر ایسا نہ کیا تو ان کے خلاف جرمانے سمیت متعدد اقدامات کیے جائیں گے-
جدہ میونسپلٹی نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے درخواست کی ہے کہ اگر وہ اجتماعی رہائش کے مراکز پر کسی قسم کی کوئی خلاف ورزی نوٹ کریں تو پہلی فرصت میں  940 پر رابطہ کرکے مطلع کردیں-

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

 

 
 

شیئر: