غیر ملکیوں کے رہائشی مراکز کا اندراج، 10 دن کی مہلت
غیر ملکیوں کے رہائشی مراکز کا اندراج، 10 دن کی مہلت
منگل 21 اپریل 2020 5:29
پابندی رہائشی مراکز کو معیاری بنانے کے لیے لگائی گئی ہے- (فوٹو: سبق)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے نجی اداروں کوغیرملکی ورکرز کے رہائشی مراکز کی تفصیلات جمع کرانے کے لیے دس دن کی مہلت دی ہے۔
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے نجی اداروں کے مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیرملکی ورکرز کے رہائشی مراکز کا دس دن کے اندر اندراج کرا لیں- یہ پابندی غیرملکی ورکرز کے رہائشی مراکز کو معیاری بنانے کے لیے لگائی گئی ہے-
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے نجی اداروں اور کمپنیوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ پیر 20 اپریل سے دس دن کے اندر اپنے غیرملکی ورکرز کے لیے مخصوص رہائشی مراکز کا اندراج ایجار ویب سائٹ پر کرالیں-
وزارت افرادی قوت کے مطابق سعودی حکومت سعودی اورغیرملکی ورکرزکی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں پرزم ہے-
بیان میں کہا گیا کہ حکومت چاہتی ہے کہ ورکرز کی رہائش معیاری ہو- حفظان صحت کے ضوابط کی پابندی کی جائے-
’کورونا بحران کے دنوں میں رہائش پر (سماجی دوری) کا اصول لاگو کیا جائے- کسی بھی ادارے اور کمپنی کے ساتھ کسی قسم کی روا داری نہیں برتی جائے گی‘-
وزارت اس سلسلے میں وزارت آبادکاری اور وزارت بلدیات و دیہی امور کےساتھ یکجہتی قائم کیے ہوئے ہے-
یاد رہے کہ وزارت کی جانب سے نجی اداروں کو کہا گیا ہے کہ وہ غیر ملکی ورکرز کی رہائش کا انتظام بہتر بنائیں- اپنے ورکرز کے لیے رہائشی مراکز میں موجود خامیاں دور کریں اور کورونا کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ضروری اقدامات کی پابندی کریں۔