Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا سے بچاو، غیرملکی کارکنان کے رہائشی مراکز پر چھاپے

مکہ میں رہائشی مراکز پر 490 چھاپے مارے گئے-( فوٹو سبق)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے اہلکاروں نے مکہ مکرمہ ریجن میں غیرملکی مزدوروں کے اجتماعی رہائشی مراکز پر 490 چھاپے مارے ہیں-
چھاپہ مہم کے ذریعے یہ پتہ لگایا گیا کہ آیا کورونا وائرس سے غیرملکی کارکنان کو بچانے اور ان کے حلقوں میں کورونا سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں یا نہیں-
اخبار  24 کے مطابق وزارت افرادی قوت مکہ مکرمہ برانچ نے بتایا کہ غیر ملکی کارکنان کی اجتماعی رہائش کے جن مراکز پر چھاپے مارے گئے وہاں ایک لاکھ 35 ہزار سے زیادہ مزدور رہائش پذیر تھے- چھاپہ مہم میں متعدد وزارتوں اور متعلقہ اداروں کے نمائندے شامل تھے-
وزارت افرادی قوت کے ترجمان  کے مطابق مشترکہ چھاپے اس مقصد کے لیے مارے جارہے ہیں تاکہ مکہ مکرمہ ریجن کی کسی بھی کمدشنری اور تحصیل میں کوئی بھی ایک اجتماعی رہائش کا مرکز ایسا نہ رہے جہاں کورونا سے بچنے اور اسے  پھیلنے سے روکنےکے لیے ضروری حفاظتی اقدامات نہ کرلیے گئے ہوں-
  دریں اثنا الخبر کمشنری میں  بھی حکام نے غیرملکی ورکرز کے 70 سےزائد اجتماعی رہائشی مراکز کے  تفتیشی دورے کیے-
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اس موقع پر کورونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے انتظامات کاجائزہ لیا گیا-
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبو د الخبر اور الظہران کی بلدیاتی کونسلوں، محکمہ صحت اور پولیس کے نمائندے تفتیشی دورے میں شریک تھے-

کورونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے انتظامات کاجائزہ لیا گیا-(فوٹو سبق)

گورنر مشرقی ریجن نے صوبے کی تمام کمشنریوں میں خصوصی کمیٹیا ں قائم کرکے انہیں غیرملکی ورکرز کے حالات جاننے اور ان کے لیے حفاظتی تدابیر اپنانے کا حکم دیا ہوا ہے-
الخبر لیبر آفس کے ڈائریکٹر منصور آل بن علی نے جو کمشنری میں متعلقہ کمیٹیوں کے سربراہ بھی ہیں کہا کہ نئے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور ورکرز کو اس وبا سے بچانے کے لیے تفتیشی دورے جاری رہیں گے- یہاں 70 سے زیادہ اجتماعی رہائش کے  مراکز میں 12773 ورکرز رہ رہے ہیں-
منصور آل بن علی نے نجی اداروں سے کہا ہے کہ وہ غیر ملکی ورکرز کی رہائش کا انتظام بہتر بنائیں اور کورونا کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ضروری اقدامات کی پابندی کریں۔

شیئر: