Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ عبدالعزیز فیسٹیول میں خواتین کے اونٹوں کا مقابلہ

خواتین نے پہلی بار اس طرح کے ایونٹ میں حصہ لینے پر خوشی کا اظہار کیا۔ (فوٹو ٹوئٹر)
ریاض میں کنگ عبدالعزیز فیسٹیول کے چھٹے ایڈیشن میں پہلی بار34 خواتین کو حصہ لینے اور اپنے اونٹوں کی نمائش کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ریاض کے شمال مشرق میں منعقد ہونے والے کنگ عبدالعزیز اونٹ فیسٹیول میں اونٹوں کی خوبصورتی کے مقابلے کے بعد  ججوں نے مقابلے کے نتائج کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جزیرہ نما عرب کے مقامی لوگوں میں مشہور نسل کے المغطیر اونٹ ان مقابلوں میں شامل تھے۔

فیسٹیول میں 34 خواتین نے اپنے اونٹوں سمیت حصہ لیا ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)

عرب میں مشہور بدو قبائل المغطیر اونٹوں کو  تین مختلف رنگوں سفید، بھورے اور سرخ رنگ کے اونٹوں میں تقسیم کرتے ہیں اور ان کے رنگوں کی علامت کی نسبت سے نام ہوتے ہیں۔
ان مقابلوں میں پہلے نمبر پر حیا العسکر، دوسرے نمبر پر رسمہ الدوسری، تیسرے نمبر پر ملاذ بنت عون، چوتھے نمبر پر لامیا الراشدی اور پانچویں نمبر پر دلال بنت عبداللہ العتیبی کے اونٹ ہیں۔
اس موقع پر لامیا الراشدی نےکہا ہے کہ سعودی خواتین  کے پہلی بار اس طرح کے ایونٹ میں حصہ لینے پر وہ بہت خوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس موقع پر میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا شکریہ ادا کروں گی کہ انہوں نے خواتین کو ایسا شاندار موقع فراہم کیا۔

 اونٹ کلب میں خواتین کی شرکت وسیع تر منصوبوں کا آغاز ہے۔ (فوٹو ٹوئٹر)

لامیا الراشدی نے کہا کہ ایسے ہی مقابلے کے لیے آئندہ سال بھی شرکت کرنے کی خواہش رکھتی ہوں اور امید ہے کہ  میں پہلی پوزیشن حاصل  کرنے میں کامیاب ہو جاوں گی۔
اونٹوں کے ان مقابلوں  میں حصہ لینے والی منیرہ المشخص نے یہاں آنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی نوعیت کی اس پہلی تقریب میں شرکت کی ہے۔
منیرہ نے مزید کہا کہ یہ اعزاز کی بات ہے کہ  میرے  اونٹ کو مقابلے میں حصہ لینے والی ابتدائی دس  اونٹوں میں شامل کیا گیا ہےاور میں خواتین کو آئندہ  اس میلے میں شرکت کی دعوت دیتی ہوں۔

مقابلوں میں خواتین آئندہ سال بھی شرکت  کی خواہش رکھتی ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)

مقابلوں میں شرکت کر نے والی کم عمرملاذ بنت عون کی عمر سات سال ہے انہوں نے مقابلے میں تیسرا مقام حاصل کیا۔
انہوں نے  اونٹ کلب میں  بورڈ کے چیئرمین فہد بن حثلان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے خواتین کو اس ایونٹ میں حصہ لینے کا موقع فراہم کیا۔ اس فیسٹیول میں 34 خواتین نے حصہ لیا ہے۔
اونٹ مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی حیا  العسکر نے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان مقابلوں میں خواتین کی  شرکت اونٹ کلب میں وسیع تر منصوبوں کا آغاز ہے۔
 

شیئر: