شرکا کوپاکستانی اونٹوں کے بارے میں بھی تفصیل سے آگاہ کیاگیا (فوٹو: ٹوئٹر)
کنگ عبدالعزیز کیمل فیسٹول کے شائقین پاکستانی اونٹوں کا رقص دیکھ کردنگ رہ گئے۔ میلہ ’الصیاھد‘ نامی مقام پرچھٹی بار منعقد کیا جا رہا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق میلے کے خصوصی پروگرام کے انچارج مشعل المزینی نے بتایا کہ پاکستانی اونٹوں کے رقص کا پروگرام کثیر المقاصد ہے۔
یہاں آنے والے سیاحوں اور شائقین کو اس بات سے متعارف کرایا جا رہا ہے کہ پاکستان میں اونٹوں سے کس طرح کا کام لیا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں وہاں اونٹوں کی آرائش اور تفریحاتی پروگراموں میں ان کی شرکت کس طرح ہوتی ہے۔
المزینی نے مزید کہا کہ میلے میں آنے والے شائقین نے پاکستانی اونٹوں کا خوبصورت رقص دیکھ کر پسندیدگی کا اظہار کیا۔ تقریباً تین ہزار سیاحوں نے اونٹوں کا یہ خوبصورت پروگرام دیکھا اور اسے پسند کیا۔
المزینی کا کہنا تھا کہ پاکستانی اونٹوں نے مختلف پروگرام پیش کیے۔ 30 مربع میٹر کے دائرے میں کئی شو پیش کیے گئے۔ شائقین کے سامنے اس امر کا مظاہرہ بھی کیا گیا کہ پاکستان میں اونٹوں پرخوبصورت نقش و نگار کس طرح بنائے جاتے ہیں۔
میلے میں آنے والوں کو پاکستان میں اونٹوں پر سواری کے طریقوں اوربچوں کی سواری کے لیے مخصوص اونٹوں کی نسل کے بارے میں بتایا گیا۔ بچوں کو اونٹوں پرسوار ہوتے ہوئے بھی دکھایا گیا۔
شائقین کی دلچسپی کو مدنظررکھتے ہوئے یہ بھی دکھایا گیا کہ پاکستان میں اونٹوں سے مختلف کام لینے کے علاوہ اونٹوں کو رقص کی تربیت کس طرح دی جاتی ہے۔