جج اینتھونی کیلی نے حکومت کے نوواک جوکوچ کا ویزہ کینسل کرنے کے فیصلے کو رد کردیا ہے اور حکم جاری کیا ہے کہ انہیں فیصلہ سنائے جانے کے 30 منٹ کے اندر اندر حراستی مرکز سے ریلیز کیا جائے۔
فیصلے کے مطابق اس کیس میں آسٹریلوی وزارت داخلہ کو نوواک جوکوچ کو طے شدہ رقم ادا کرنا ہو گی۔
ان کی تمام چیزیں بشمول پاسپورٹ انہیں ’جتنا جلدی ہو سکے‘ واپس کی جائیں۔
قبل ازیں امریکی ٹینس کھلاڑی جینسن بروکسبی کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے رواں ماہ ہونے والے آسٹریلین اوپن ٹینس کے سالانہ مقابلوں سے باہر ہو گئے۔
میلبورن روانہ ہونے سے قبل کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے وہ ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کریں گے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق 21 برس کے جینسن بروکسبی نے انسٹاگرام پر پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے میلبورن روانہ ہونا تھا تاہم کورونا مثبت ہونے کی وجہ سے وہ اور ان کے کوچ اب ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’بڑے ٹورنامنٹ چھوڑنا آسان بات نہیں۔ (لیکن) ایسے بہت سے لوگ ہیں جن پر اس سے بھی زیادہ مشکل وقت گزرا، اسی لیے میں گِلہ نہیں کر سکتا۔ امید کرتا ہوں کہ اگلے سال آسٹریلین اوپن میں شرکت کر سکوں گا۔‘
آسٹریلیا میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
واضح رہے کہ سربیا سے تعلق رکھنے والے عالمی نمبر ٹینس سٹار نوواک جوکوچ کو آسٹریلوی حکومت نے کورونا کی حفاظتی شرائط پوری نہ کرنے پر ملک میں داخل ہونے سے روک دیا تھا۔
روئٹرز کے مطابق عالمی نمبر ون ٹینس سٹار نو مرتبہ اوپن ٹینس کے چیمپئین رہ چکے ہیں جو آسٹریلین اوپن میں شرکت کی غرض سے جمعرات کو آسٹریلیا پہنچے تھے۔
آسٹریلوی بارڈر فورس نے تصدیق کی تھی کہ ٹینس سٹار کا ویزہ بھی منسوخ کر دیا گیا تھا۔