Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر ملکیوں کو پاکستان میں جائیداد خریدنے کی پالیسی تیار کرنے کی منظوری

فواد چودھری کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں بیرون ملک مقیم پاکستانوں کے لیے 400 کنال پر محیط ہاؤسنگ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔ (فوٹو: اے پی پی)
وفاقی کابینہ نے غیر ملکیوں کو پاکستان میں جائیداد خریدنے کی اجازت دینے سے متعلق پالیسی تشکیل دینے کی منظوری دیدی ہے۔ 
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت  منگل کو ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزارت خزانہ، وزارت داخلہ اور سرمایہ کاری بورڈ کو غیر ملکی شہریوں کو پاکستان میں جائیداد خریدنے کا حق دینے کی سکیم متعارف کرانے کے لیے پالیسی تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 
وفاقی کابینہ کے ایک رکن نے اس حوالے سے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ابتدائی طور پر اس سکیم کو اسلام آباد میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر متعارف کرایا جائے گا جب کہ بعد ازاں پورے ملک میں اس سکیم کو توسیع دی جائے گی۔‘
کابینہ کے رکن نے بتایا کہ ‘اس حوالے سے وزارت داخلہ سکیورٹی حکام سے بھی مشاورت کرے گی جبکہ وزارت خزانہ مختلف ممالک میں غیرملکیوں کو جائیداد خریدنے کی سکیم کا جائزہ لینے کے بعد پالیسی مرتب کرے گا۔‘
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اس حوالے سے وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’ کابینہ نے وزارت خزانہ اور وزارت داخلہ کو ہدایت کی کہ ایسی سکیم متعارف کروائی جائے جس سے غیر ملکی شہریوں کو پاکستان میں پراپرٹی خریدنے کا حق مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس سکیم کا مقصد مذہبی رسومات ادا کرنے کے لیے پاکستان آنے  والے غیر ملکیوں کو سہولت فراہم کرنا ہے ۔ ’جس سے وہ اپنی مذہبی مقامات کے قریب کوئی ہوٹل، گھر یا  اپارٹمنٹ بناسکیں۔‘

وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت  ہوا۔ (فوٹو: روئٹرز)

انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کو مکمل طور پر قانونی تحفظ حاصل ہوگا اور قبضہ یا ریکارڈ کی تبدیلی جیسے مسائل کا بھی تدارک کیا جائے گا۔ 
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں طویل مدتی رہائشی پرمٹ دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ جس کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ سے ہونا باقی ہے۔ 

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے اسلام آباد میں ہاؤسنگ منصوبے کا اعلان 

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے اسلام آباد میں بیرون ملک مقیم پاکستانوں کے لیے 400 کنال پر محیط ہاؤسنگ پراجیکٹ کا بھی اعلان کیا۔ 
انہوں نے کہا کہ ’اس منصوبے میں 6 ہزار اپارٹمنٹس بنائے جائیں گے اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ ہولڈرز اس سکیم سے استفادہ حاصل کر سکیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس منصوبے سے ہمارا خیال ہے کہ سی ڈی اے 2 بلین ڈالرز تک کا ریونیو اکٹھا کر سکے گا اور اس سے حکومت اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں دونوں کو فائدہ ہوگا۔‘  

شیئر: