Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لتا منگیشکر میں کورونا کے بعد نمونیا کی تشخیص

ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ لتا منگیشکر کو اگلے 10 سے 12 دن تک زیرنگرانی رکھا جائے گا (فوٹو: انڈین میڈیا)
انڈیا کی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر جو حال ہی میں کورونا وائرس میں مبتلا ہوئی تھیں، ممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق بدھ کو ڈاکٹر کی جانب سے جاری کردہ صحت سے متعلقہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لتا منگیشکر کو اگلے 10 سے 12 دن تک زیرنگرانی رکھا جائے گا۔
لتا منگیشکر میں کورونا وائرس کے بعد نمونیا کی بھی تشخیص ہوئی ہے۔
انڈین نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق ڈاکٹر پریٹٹ سمدھانی جو ممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال میں لتا منگیشکر کا علاج کر رہے ہیں، کا کہنا ہے کہ ’گلوکارہ لتا منگیشکر انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں ہی رہیں گی۔ وہ آئندہ 10 سے 12 دن تک (ڈاکٹرز کی) زیر نگرانی رہیں گی۔ کورونا وائرس کے ساتھ وہ نمونیا میں بھی مبتلا ہیں۔‘
منگل کو 92 سالہ گلوکارہ کی بھانجی نے تصدیق کی تھی کہ ’وہ صحت یاب ہو رہی ہیں اور ان کی حالت بہتر ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’دی دی اس وقت بالکل بہتر ہیں، وہ ایک فائٹر اور فاتح ہیں اور ہم اتنے برسوں سے انہیں ایسے ہی جانتے ہیں۔‘
انہوں نے گلوکارہ کی صحتیابی کے لیے دعا کرنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔
اس سے قبل منگل کو لتا منگیشکر کی بھانجی رچنا نے بتایا تھا کہ لتا منگیشکر کو احتیاطی تدبیر کے طور پر آئی سی یو میں داخل کیا گیا ہے۔ ’وہ بہتر ہیں، ان کی عمر کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدبیر کے طور پر آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔ براہ مہربانی ہماری پرائیویسی کا خیال رکھیں اور دی دی کو دعاؤں میں یاد رکھیں۔‘

شیئر: