’بلڈ پریشر کی شکایت‘، دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو آئی سی یو منتقل
سائرہ بانو کو اسی ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں دلیپ کمار زیر علاج رہے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کی لیجنڈری اداکارہ سائرہ بانو کو بلڈ پریشر کی شکایت پر ممبئی کے ہسپتال داخل کیا گیا ہے۔ وہ اس وقت ممبئی کے ہندوجا ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
انڈین نیوز ایجنسی ایشین نیوز انٹرنیشنل (اے این آئی) کے مطابق ’دلیپ کمار کی اہلیہ اداکارہ سائرہ بانو کو تین دن قبل بلڈ پریشر سے متعلق مسائل کی شکایت پر کھر میں ہندوجا ہسپتال داخل کیا گیا تھا۔ انہیں آج انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کیا گیا ہے۔‘
77 سالہ سائرہ بانو کو اسی ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں ان کے شوہر اداکار دلیپ کمار زیر علاج رہے تھے۔ دلیپ کمار رواں سال سات جولائی کو انتقال کر گئے تھےاور شاہ رخ خان سمیت بالی وڈ کی مشہور شخصیات نے سائرہ بانو کے گھر جا کر ان سے تعزیت کی تھی۔
انٹرٹینمنٹ کی خبروں سے متعلق ویب سائٹ پیپنگ مون سے بات کرتے ہوئے سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ ’خدا نے مجھ سے میرے جینے کی وجہ چھین لی ہے۔ صاحب کے بغیر میں کسی بھی چیز کا نہیں سوچ سکتی۔ تمام لوگ براہ مہربانی دعا کریں۔‘
انہوں نے دلیپ کمار کے انتقال پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کرنے پر انڈین وزیراعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا تھا۔
سائرہ بانو نے فلم ’جنگلی‘ سے 1961 میں بالی وڈ میں ڈبیو کیا تھا جس کے بعد انہوں نے ’پڑوسن، ہیرا پھیری، دیوانہ اور پورب اور پشم میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ وہ 1966 میں دلیپ کمار کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں جب وہ صرف ۲۲ سال کی تھیں۔