پاکستانی کرکٹر کو بگ بیش لیگ سے واپس بلائے جانے پر آسٹریلین فرنچائز اداس
اتوار 16 جنوری 2022 16:31
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان کے متعدد کرکٹر بی بی ایل کا حصہ تھے (فوٹو: ٹوئٹر، فخرزمان)
آسٹریلیا میں جاری بگ بیش لیگ (بی بی ایل) سے پاکستانی کرکٹرز کو واپس بلائے جانے پر جہاں شائقین کرکٹ پاکستانی کھلاڑیوں کو ایکشن میں نہیں دیکھ سکیں گے وہیں ایک آسٹریلوی فرنچائز بھی اس معاملے پر اداس ہے۔
اتوار کو بی بی ایل فرنچائز بگ بیش لیگ نے پاکستانی کرکٹرز کی واپسی کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے کھلاڑی فخر زمان کی پاکستان واپسی پر موقف اپنایا کہ ’ہم ان کی واپسی پر اداس ہیں۔‘
فخر زمان کی واپسی سے متعلق طویل پیغام میں برسبین ہیٹ کا کہنا تھا کہ ’ہم کمٹمنٹ پوری کرنے کے لیے مختصر نوٹس پر آسٹریلیا پہنچنے پر ان کے شکرگزار ہیں اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔‘
برسبین ہیٹ نے اداسی کا اظہار کیا تو فخر زمان کے جذبات کو بھی اپنے پیغام کا حصہ بنایا۔
بی بی ایل فرنچائز کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا گیا کہ ’وہ (فخر زمان) بھی اداس ہیں کہ ہمارے لیے کچھ اور میچ نہیں کھیل سکیں گے۔ انہوں نے ہم سے کہا ہے کہ سپورٹ کرنے پر تماشائیوں کا شکریہ ادا کریں اور ان سمیت ان کی ٹیم کے لیے ٹورنامنٹ کے باقی تینوں میچز میں اپنا تعاون جاری رکھیں۔‘
برسبین ہیٹ نے اپنے پیغام میں تصدیق کی کہ ’پاکستان کرکٹ بورڈ نے بی بی ایل میں شریک فخر زمان سمیت دیگر کھلاڑیوں کو دی گئی اجازت واپس لے لی ہے اور انہیں پاکستان سپر لیگ کی تیاریوں کے لیے فورا پاکستان پہنچے کا کہا ہے۔‘
پاکستان کی قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے متعدد کھلاڑی آسٹریلیا میں مختصر فارمیٹ کی کرکٹ لیگ بگ بیش لیگ کا حصہ تھے۔ فخر زمان برسین ہیٹ، حارث رؤف میلبورن سٹارز، محمد حسنین سڈنی تھنڈرز، شاداب خان سڈنی سکسرز کا حصہ تھے۔
پاکستانی کھلاڑیوں کی واپسی کے بعد بگ بیش لیگ میں شریک غیرملکی کھلاڑیوں کی تعداد صرف 12 رہ گئی ہے۔ ان میں دو پاکستانی کھلاڑی سید فریدون اور احمد دانیال شامل ہیں جو پی ایس ایل کی کسی فرنچائز کا حصہ نہیں ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلان کے مطابق پی ایس ایل سیون 27 فروری سے کراچی میں شروع ہو رہی ہے۔
پی سی بی کی جانب سے بگ بیش لیگ کھیلنے والے پاکستانی کھلاڑیوں کی واپسی کا اقدام ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب آسٹریلوی ٹی20 ٹورنامنٹ میں شریک کھلاڑی و دیگر کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔