Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہاتھ دھوئیے اور ماسک لگائیے‘ حارث رؤف کا جشن منانے کا منفرد انداز

پرتھ سکورچرز کے خلاف میچ میں حارث رؤف نے 38 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ (فوٹو: سٹارز/ٹوئٹر)
آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں میلبورن سٹارز کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف اپنی تیز رفتار گیند بازی اور وکٹ لینے کے بعد جشن منانے کے اپنے منفرد انداز سے لوگوں کو متاثر کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
منگل کو پرتھ سکورچرز کے خلاف میچ میں بیٹمسین نک ہوبسن جب حارث رؤف کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے تو حارث رؤف نے ایک الگ انداز سے جشن منایا۔
انہوں نے ہاتھوں سے ایسا اشارہ کیا جیسے ’ہینڈ سینیٹائزر‘ لگا رہے ہوں اور اس کے بعد جیب سے ماسک نکال کر چہرے پر پہن لیا۔
اس طرح سے جشن منانے کا مقصد شاید لوگوں کو یہ ترغیب دینا تھا کہ کورونا وائرس ابھی ختم نہیں ہوا اور لوگوں کو ابھی بھی اس وائرس سے خود کو بچانے کے لیے حفاظتی اقدامات لینے کی ضرورت ہے۔
حارث رؤف کے اس انداز کو سوشل میڈیا صارفین بھی بھرپور انداز میں سراہ رہے ہیں۔
ٹوئٹر پر ’چینج آف پیس‘ نامی اکاؤنٹ نے لکھا کہ ’تیز گیند کیجیے، وکٹ لیجیے، ہاتھ دھوئیے اور ماسک لگائیے۔‘
’حارث رؤف کو زندگی کے لیے رہنمائی کرنے دیجیے۔‘

سوہم مکھوپادھے نامی صارف نے حارث رؤف کے جشن منانے کے طریقے کو دلچسپ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’وہ میلبرن سٹارز کر مداحوں پر اچھا اثر ڈال رہے ہیں۔‘

حارث رؤف نے پرتھ سکورچرز کے خلاف 38 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ بی بی ایل میں آج دوسرا میچ میلبرن رینیگیڈز اور سڈنی سکسرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

شیئر: