خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سرکاری اداروں، خاص طور پر وزرا کی کونسل اور شاہی عدالت میں تقرریاں اور تبادلوں کے لیے متعدد شاہی فرمان جاری کیے تھے۔
ڈاکٹرعصام بن سعید نے مملکت کی وزراء کونسل میں بالترتیب 1984 اور2003 میں بیورو آف ایکسپرٹس کے چیئرمین کے قانونی محقق اور معاون کے طور پر عدالتی امور میں خدمات انجام دی ہیں۔
بعد ازاں ڈاکٹرعصام بن سعد 2007 میں سعودی عرب میں وزرا کی کونسل میں بیورو آف ایکسپرٹس کے سربراہ کے طور پر فائز ہوئے۔
دسمبر2014 میں مملکت کے فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے ایک شاہی فرمان جاری کر کے ڈاکٹر عصام بن سعد کو وزیر مملکت اور وزراء کونسل کا رکن مقرر کر دیا۔
سال 2015 کے دوران انہیں عبوری ہاؤسنگ منسٹر مقرر کیا گیا اور سعودی عرب کے رئیل سٹیٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے انتظام کے ساتھ ساتھ اندرون مملکت رہائشی املاک کے انتظام کی ذمہ داری بھی سونپ دی گئی۔
اپریل 2016 میں ڈاکٹر عصام کو سول سروس کا وزیر مقرر کیا گیا، اس عہدے پر وہ اکتوبر2017 تک فائز رہے۔
مارچ2021 میں ایک شاہی فرمان کے ذریعے انہیں حج و عمرہ کا قائم مقام وزیر نامزد کیا گیا۔ اس عہدے پر ان سے پہلے محمد صالح بینتن ذمہ داریاں ادا کر رہے تھے۔
بعد ازاں اکتوبر2021 میں ایک شاہی فرمان کے بعد سابق وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے وزارت حج و عمرہ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
ڈاکٹرعصام بن سعد بن سعید نے کنگ سعود یونیورسٹی سے انتظامی علوم میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی جس کے بعد انہوں نے قاہرہ یونیورسٹی سے آئینی قانون میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی، وہیں سےعوامی قانون میں امتیازی حیثیت میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری بھی حاصل کی۔