بیرونی عمرہ زائرین کی ’قدوم‘ پورٹل میں رجسٹریشن ضروری
سعودی عرب آمد سے 72 گھنٹے قبل ’قدوم‘ پر ویکسین کا اندراج کریں- (فوٹو اخبار 24)
سعودی وزارت حج وعمرہ نے بیرون مملکت سے عمرہ پر آنے والوں سے کہا ہے کہ وہ آنے سے قبل ’قدوم‘ پلیٹ فارم پر ویکسین کی رجسٹریشن کریں۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت حج وعمرہ نے مملکت آنے والے عمرہ زائرین سے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب آنے سے 72 گھنٹے قبل آن لائن ’قدوم‘ پلیٹ فارم پر ویکسینیشن کے بارے میں معلومات اپ لوڈ کریں۔
قدوم پلیٹ فارم پر اکاؤنٹ بنانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ وزارت داخلہ کے ہوم پیج پر ابشر پلیٹ فارم پر قدوم کا پورٹل موجود ہے جسے کلک کرنے پر اس کا پیج کھل جاتا ہے۔
واضح رہے سعودی عرب میں کورونا سے بچاؤ کے لیے فائززر بائیونٹک، ایسٹرازینیکا، جانسن اینڈ جانسن اور موڈرنا ویکسین فراہم کی جا رہی ہے- علاوہ ازیں عالمی ادارہ صحت کی جانب سے منظورکردہ سائنوویک اور سائنوفام ویکسین کو بھی سعودی عرب میں منظور کیا گیا ہے۔
وہ افراد جنہوں نے مملکت میں ویکسین کا کورس مکمل نہیں کیا انہیں سعودی عرب آنے کے بعد مقررہ ویکسین کی بوسٹر ڈوز دی جاتی ہے جبکہ ایسے افراد جنہوں نے اپنے ملکوں میں ویکسین لگائی ہے انہیں سعودی عرب آنے کے بعد 5 دن قرنطینہ میں گزارنے ہوتے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں